ایک پودے پر سب سے زیادہ اقسام کے پھل اگانے کا عالمی ریکارڈ

جمعرات 12 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے شہری نے ایک پودے پر سب سے زیادہ پھل اگانے کا ریکارڈ بنا لیا۔

عراقی نژاد آسٹریلوی شہری حسام صراف نے اپنے باغیچے میں ایک ہی پودے پردس پھل اگا کر عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

انہوں نے ایک پودے پر سرخ اور سفید نیکٹرائن، سفید اور زرد آڑو ، سرخ اور زرد آلوچے، پیچ کاٹ ، خوبانی ، بادام اور چیری اگانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

حسام صراف نے کامیاب تجربے کے بعد گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ٹیم کو ایک ای میل کےذڑیعے اپنے کارنامے سے آگاہ کیا۔ جسے حال ہی میں گینیز نے تسلیم کر کے عالمی ریکارڈ قرار دیا ہے۔

بظاہر تو یہ ایک پودے پر دس پھل ہیں لیکن تکنیکی بنیادوں کو ان کو پانچ اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پودے میں لگنے والے پھلوں میں نیکٹرائن اور آلوچے کا تعلق ایک ہی نوع سے ہے۔

جبکہ پیچ کاٹ دو پھلوں یعنی آڑو اور خوبانی کا کراس ہے اور اپنے آپ میں ایک علیحدہ قسم کا پھل نہیں شمار کیا جاتا ہے۔

اس لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اسے ایک پودے پر پانچ اقسام کے پھل اگانے کا عالمی ریکارڈ قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے چلی کے لوئی کراسکو نے ایک پودے پر چار اقسام کےپھل اگائے تھے۔

حسام صراف کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی باغبانی کو شوق تھا اور وہ کچھ الگ کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنی کوشش جاری رکھی اور آخر کار انہیں کامیابی حاصل ہوئی۔

حسام صراف کا کہنا ہے کہ ایک پودے پر مختلف اقسام کے پھل اگا کر وہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انسان بھی مختلف ہونے کے باجود ایک ہی معاشرے میں مل جل کر رہ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp