ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے میانمار، غزہ اور بھارت کے مسلمانوں کی حالت زار پر آواز اٹھانے پر بھارتی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں میانمار، غزہ اور بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی حالت زار پر آواز اٹھاتے ہوئے کہاکہ اگر ہم غزہ، بھارت اور میانمار کے مسلمانوں کی حالت زار سے واقف نہیں تو ہم مسلمان نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسلام کے دشمنوں کی جانب سے ہمیشہ ہمیں امت مسلمہ کے مشترکہ تشخص سے لاتعلق رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کے اس بیان پر بھارت نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق پر بات کرنے والے ممالک کو دوسروں کے بارے میں بات کرنے سے قبل اپنا ریکارڈ دیکھنا چاہیے۔
بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ ایرانی سپریم لیڈر نے بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے جو تبصرہ کیا وہ قابل مذمت ہے، کیونکہ یہ معلومات غلط ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر بھی ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارتی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ایران بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کا اتنا ہی ہمدرد ہے تو انہیں اپنے ملک میں جگہ دے دے۔