سوشل میڈیا پر چند روز سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا پائلٹ پشاور جانے والی فلائٹ کو غلطی سے کراچی لے آیا۔
وائرل ویڈیو میں مسافروں کو جہاز کے عملے سے تکرار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، مسافروں کو غصے سے یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ان کی پرواز پشاور کی تھی لیکن پائلٹ نے انہیں کراچی ہوائی اڈے پر اتار دیا ہے اور وہ 30 گھنٹوں سے ذلیل ہو رہے ہیں۔ اس دوران جہاز کا عملہ اور سکیورٹی فورس کے اہلکار مسافروں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
PIA کا پائیلٹ پشاور جانے والی فلائیٹ کو غلطی سے کراچی لے آیا
کیا ایسی غلطی ممکن ہے ؟ pic.twitter.com/KgnlxHR5L0— Waqar khan (@Waqarkhan123) September 16, 2024
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پی آئی اے کا پائلٹ پشاور جانے والی پرواز کو غلطی سے کراچی لے آیا تھا جس پر صارفین پی آئی اے کی سروس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ پی آئی نے ایسی غلطی کی ہو۔
کیا واقعی پی آئی اے کا طیارہ غلطی سے کراچی میں لینڈ ہوا؟
کیا واقعی پی آئی اے کی یہ فلائٹ غلطی سے اپنی اصل منزل کی بجائے کہیں اور لینڈ کر گئی؟
اس حوالے سے پی آئی اے پبلک افیئرز کے جنرل مینیجر عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ مذکورہ پرواز پی کے 248 دبئی تا پشاور جا رہی تھی مگر دوران پرواز ایک تکنیکی نقص کی وجہ سے جہاز کا رخ کراچی کی جانب موڑا گیا جو پی آئی اے کا انجینئرنگ ہب ہے۔
پی آئی اے پبلک افیئرز کا کہنا تھا کہ جدید ایوی ایشن کے زمانے میں غلطی سے کہیں لینڈ کرنے کی کوئی گنجائش ہی نہیں، جہاز کو تبدیل کر دیا گیا تھا اور تین گھنٹے کے اندر اندر تمام مسافر کراچی سے پشاور روانہ ہو گئے تھے۔