ایپل کے اسمارٹ فونز کے موبائل آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن آئی او ایس 18 متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں ایپل انٹیلی جنس سمیت متعدد نئے فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
یہ آپریٹنگ سسٹم بیٹا ورژن میں جون 2024 میں جاری کیا گیا تھا اور ستمبر کے شروع میں آئی فون 16 سیریز کے ساتھ اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ آئی او ایس 18 میں صارفین کو مختلف فیچرز دیکھنے کو ملیں گے جن کی فہرست درجہ ذیل ہے۔
فوٹوز اور میسجز
آئی او ایس 18 میں میڈیا لائبریری خودکار طور پر آرگنائز ہوگی اس میں سے اضافی ٹیبز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس نئے آپریٹنگ سسٹم کے تحت آپ کے لیے مختلف موضوعات پر مبنی تصاویر کو تلاش کرنا آسان ہوجائے۔
اس کے علاوہ میسجز میں تحریری جملوں اور ایموجیز کو آئی میسج میں اینیمیٹڈ شکل میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ اسی طرح آپ کسی میسج کو شیڈول بھی کرسکیں گے جو آپ کے طے کردہ وقت پر سینڈ ہوگا۔
پرائسویسی کنٹرول (ایپس لاک)
آئی او ایس 18 نے رازداری کے لیے آئی فون کے پاس کوڈ کے ذریعے کسی بھی ایپ کو لاک کرنے کی صلاحیت متعارف کرائی ہے۔ اب آپ ایپس کو چھپا بھی سکتے ہیں جو اسے ایک پوشیدہ اور لاکڈ ایپس فولڈر میں لے جاتا ہے۔
آئی او ایس 18 میں ایک بالکل نیا پاس ورڈ ایپ شامل کیا گیا ہے پاس ورڈ ایپ سے پاس کیز، ٹو فیکٹر تصدیقی کوڈز کو متحرک رکھنا آسان ہوگا
گیم موڈ
ایپل نے آئی فونز کے لیے بھی گیم موڈ متعارف کرایا ہے جس کو ٹرن آن کیے جانے پر بیک گراؤنڈ سرگرمیاں محدود ہوجائیں گی تاکہ گیمز کھیلتے ہوئے ہائی فریم ریٹس برقرار رہ سکے۔ ایپل نے گیم موڈ پہلے میک پر متعارف کرایا تھا جو اب آئی فون پر بھی دستیاب ہو گا۔
آئی میسجز
آئی او ایس 18 میں آئی میسجز کے لیے نئے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں۔ صارفین کسی بھی ایموجی کو ٹیپ بیک ری ایکشن کے طور پر استعمال کر پائیں گے، اس میں فارمیٹنگ آپشنز جیسے بولڈ اور انڈر لائن، میسجز کو شیڈول کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہوگی۔ ساتھ ہی ساتھ اینڈرائڈ ڈیوائسز کے ساتھ میسجز کے لیے آر سی ایس سپورٹ بھی متعارف کروائی جائے گی۔
ویڈیو
آئی او ایس 18 میں ایک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے آپشن کو مزید بہتر بناتے ہوئے ایپل اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے اسے روک کر دوبارہ وییں سے شروع کرنے کا نیا آپشن دیا گیا ہے۔
ایکسیسبیلٹی فیچرز
آئی او ایس 18 ایکسیسبیلٹی فیچرز کی ایک نئی رینج بھی متعارف کرائے گا جس میں آئی ٹریکنگ شامل ہوگی۔ آئی ٹریکنگ کی مدد سے صارفین اپنے فون کو آنکھوں کی حرکات کے ساتھ کنٹرول کر پائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ میوزک ہیپٹکس بھی فراہم کیے جائیں گے جو موسیقی سنتے وقت ٹیکٹائل فیڈ بیک فراہم کرتا ہے۔
آئی او ایس 18 کن آئی فونز کے لیے دستیاب ہوگا؟
ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
یعنی آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس، ایکس آر، آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13، 14 اور 15 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
آئی فون میں آئی او ایس 18 متعارف کروائے جانے کے بعد صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ اب یہ فون زیادہ محفوظ ہو گیا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ نئی اپڈیٹ کے ساتھ ایپل نے آئی فون کی سیکیورٹی کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ اب آئی فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں ناقابلِ استعمال ہوگا اور اس کے پرزے بھی فروخت کے قابل نہیں رہیں گے۔
iOS 18
کی نئی اپڈیٹ کے ساتھ ایپل نے آئی فون کی سیکیورٹی کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ اب نہ صرف آئی فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں ناقابلِ استعمال ہوگا بلکہ اس کے پرزے بھی فروخت کے قابل نہیں رہیں گے۔اس اپڈیٹ میں آئی فون کے تمام پرزے
جیسے
بیٹری، کیمرہ، اور ڈسپلے، pic.twitter.com/onbG7O70wy— سمیر ارتضیٰ (@sameerirtiza10) September 17, 2024
تنویر اعوان لکھتے ہیں کہ آئی فون 16 کے بعد آئی او ایس 18 متعارف کروایا گیا ہے جو غیر متوقع فیچرز کا حامل ہے جن پر آپ کو یقین نہیں آئے گا اور یہ فیچرز آپ کسی صورت مس نہیں کرنا چاہیں گے۔
آئی فوب 16 کے بعد Apple نے iOS 18 ریلیز کردیا ہے🤯
یہ غیر متوقع features کا حامل ہے جن پر آپ کو یقن نہیں آئے گا
یہ 10 features ہیں جو آپ کبھی miss نہیں کرنا چاہیں گے: pic.twitter.com/fFPSIJGgoR
— Tanveer Awan (@hTanveerAwan) September 17, 2024
کئی صارفین سوال کرتے نظر آئے کہ اگر آپ نے آئی او ایس 18 ڈاؤنلوڈ کر لیا ہے تو آپ کو کون سا فیچر سب سے اچھا لگا؟