عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی بلوچستان کی 11سالہ بیڈمنٹن پلیئر

جمعہ 20 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کی ننھی بیڈمنٹن کھلاڑی ثروت فاطمہ نے صرف 11 سال کی عمر میں ہی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ثروت نے حال ہی میں جنوبی ایشیا جونیئر بیڈمنٹن چیمپئین شپ 2024 میں چاندی اور تانبے کے تمغے جیت کر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے شہریوں کا سرفخر سے بلند کیا ہے۔

ثروت کی کامیابیوں کا سلسلہ صرف یہیں تک محدود نہیں ہے، وہ 2023 میں نیشنل بینک آل پاکستان انڈر-17 بیڈمنٹن چیمپئین شپ کی رنراپ اور قومی گیمز 2023 کوئٹہ میں پاکستان آرمی ٹیم کی رنر اپ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، ثروت 2022 میں آل پاکستان فینکس بیڈمنٹن ٹورنامنٹ چارسدہ میں انڈر-13 کی فاتح اور انڈر 16 نیشنل بیڈمنٹن چیمپئین شپ پشاور کی فاتح بھی رہی ہیں۔

ساتویں کلاس میں پڑھنے والی ثروت کی بیڈمنٹن کے لیے محبت حد سے بڑھ کر ہے۔ ان کا خواب ہے کہ وہ مستقبل میں بیڈمنٹن کی دنیا میں اپنا ایک منفرد مقام حاصل کریں۔ ثروت کے کامیاب سفر کے پیچھے ان کی محنت، لگن اور والدین کا تعاون ہے۔ ثروت کے والدین نے انہیں بیڈمنٹن کھیلنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔ ثروت کے والد محمد علی ہی ان کے کوچ، ٹرینر اور اسپانسر ہیں۔

ثروت کی کامیابی پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے۔ وہ ثابت کرچکی ہیں کہ محنت، لگن اور اعتماد کے ساتھ کوئی بھی خواب پورا کیا جاسکتا ہے۔ ثروت کا مستقبل روشن ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp