پاکستان تحریک انصاف کا لاہور جلسہ اب کہاں ہوگا؟

جمعہ 20 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے 8 ستمبر کو اسلام آباد میں کامیاب جلسہ عام منعقد کرنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ اگلا جلسہ عام لاہور میں مینار پاکستان پر منعقد کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے لاہور انتظامیہ کو مینار پاکستان پر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازات مانگی تھی، لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مینار پاکستان پر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازات نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کو کن شرائط پر لاہور جلسہ عام کی اجازت دی گئی؟

انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وکلا کی ٹیم نے اسے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، جس پر عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ ڈی سی لاہور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ شام 5 بجے تک جگہ کا تعین کرکے پی ٹی آئی کو این او سی جاری کرے۔

رات گئے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد اب پاکستان تحریک انصاف کے قائدین نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسہ عام کی اجازات مل گئی ہے۔

لاہور انتظامیہ کی جانب سے پہلا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو جلو پارک میں جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم پی ٹی آئی نے اسے مسترد کر دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی قیادت اور مقامی انتظامیہ کے درمیان جگہ کے تعین کے لیے دوبارہ مذاکرات ہوئے۔

مزید پڑھیں:’جہاں روکا وہیں جلسہ‘، پی ٹی آئی کی حکمت عملی سامنے آگئی

کامیاب مذاکرات کے بعد لاہور انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کے اتفاق رائے سے ایک دوسرا این او سی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اب پاکستان تحریک انصاف کو رِنگ روڈ لاہور کے علاقہ کاہنہ میں جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) فرح جاوید مون نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لاہور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں پاکستان تحریک انصاف کو کل 3بجے سے 6بجے تک جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: ’اٹک کراس کرکے دکھائیں گے‘، لاہور جلسہ کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں کی تیاریاں، پش اپس بھی لگانے شروع کردیے

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دن 2 بجے سے رات 11 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازات مانگی تھی جسے نہیں مانا گیا۔

پی ٹی آئی جلسے کے انتظامات مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کہنا ہے کہ لاہور انتظامیہ کی جانب سے جلسہ گاہ کی اجازات نہ ملنے کی وجہ سے پی ٹی آئی مینار پاکستان پر انتظامات کر سکی نہ ہی کاہنہ میں ابھی تک جلسہ کے لیے کوئی تیاری کی گئی ہے۔

قائدین کا کہنا ہے کہ جلسہ ٹیم مینار پاکستان گئی تھی لیکن مینار پاکستان کے ہر گیٹ کو تالا لگا کر اس کے  آگے کینٹینر کھڑے کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے کوئی انتظامات نہیں کیے جا سکے، ہمارے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار اور نظر بند کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی فسطائیت کا یہ عالم ہے کہ کاہنہ جانے والے راستوں پر بھی روکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، لیکن تمام تر اوچھے ہتکھنڈوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف لاہور میں کامیاب جلسہ کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp