سلطنت عمان نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مفت ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کی مدت 10 دن رکھی گئی ہے۔ اس سیاحتی ویزے سے مسافر اور کریو ممبرز دونوں مستفید ہوسکیں گے۔
سلطنت عمان کی جانب سے 10 دن کے لیے مفت ویزا کی سہولت عمان کا سفر کرنے والے بحری جہازوں کے مسافروں اور عملے کے ارکان کو دی گئی ہے اور یہ فیصلہ عمان میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ مزید سیاحوں کو یہاں آنے کے لیے راغب کیا جاسکے۔
سلطنت عمان کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اینڈ کسٹمز لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشورائقی نے اس مفت ویزا اسکیم کا اعلان کیا۔ اس اسکیمکے تحت غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کے ایگزیکٹو قواعد کی کچھ شقوں میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔
عمان کے 10 دن کے سیاحتی ویزا کی کیا شرائط ہیں؟ اور کیا پاکستانی اس ویزا کے اہل ہیں؟
ٹریول ایجنٹ جنید یوسف نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمان نے حال ہی میں ویزا اسکیم کا اعلان کیا ہے وہ جہاز کے مسافروں اور عملے کے لیے ہے جس کے تحت آپ 10 دن کا مفت ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سلطنت عمان کا اس اسکیم کے اجرا کا مقصد یہ ہے کہ کروز شپ اور سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو تاکہ ان کے لیے جزیرہ نما عرب کے دیگر ممالک کی سیر کو آسان بنایا جا سکے اور ساتھ ہی ویزا سسٹم کو زیادہ سے زیادہ بہتر اور آسان بنا کر غیر ملکی سیاحوں کی عمان میں آمد اور سیر و سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واپسی ٹکٹ، کنفرم ہوٹل ریزرویشن اور ٹریول انشورنس ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ویزا ایک بار جاری ہونے کے بعد اسے 30 دنوں کے اندر استعمال کرنا ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمان نے اپنے ملک کے ویزا سے متعلق پالیسیوں میں کافی حد تک نرمی بھی لائی ہے اور اُمید ہے کہ مستقبل میں ان پالیسیوں میں مزید نرمی لائی جائے گی۔
ویزا پالیسی میں نرمی کا اندازہ اس چیز سے لگایا جا سکتا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ سلطنت عمان میں داخل ہوئے ہیں۔ ایسا تب ممکن ہوا ہے جب سے سلطنت عمان نے فارن انویسٹمنٹ کھولی ہے، اس کے علاوہ سلطنت عمان میں 6 نئے ایئر پورٹس کی تعمیر کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمان کا یہ سیاحتی ویزا 103 ممالک کے لیے ہے۔ لیکن میری معلومات کے مطابق یہ پاکستانیوں کے لیے نہیں ہے اور اگر چانس ہوا بھی تو پاکستانیوں کے لیے عمان کا ویزا حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانیوں کے لیے سلطنت عمان کے ویزے کے لیے شرائط بہت زیادہ ہیں اور ایک لمبے عرصے سے سلطنت عمان پاکستانیوں کو بہت ہی کم ویزے جاری کر رہی ہے۔ اس کے برعکس اگر بھارت میں یہ 10 دن کا مفت سیاحتی ویزا 5 منٹ میں مل جاتا ہے۔