ایم ڈی کیٹ کے امتحانات پاکستان کے 30 شہروں اور 2بین الاقوامی مراکز ریاض اور دبئی میں جاری ہیں۔ امتحان کے لیے کل ایک لاکھ 67ہزار سے زائد طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ امتحانی مراکز کی نگرانی اور بدعنوانی کو روکنے کے لیے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، امتحانی مراکز کے اردگرد دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے زیر اہتمام ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، امتحانات پاکستان کے 30 بڑے شہروں سمیت 2بین الاقوامی مراکز میں جاری ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی نے 33مراکز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 26مراکز، خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے 13مراکز اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 6مراکز قائم کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بلیو ٹوتھ ڈیوائس کےذریعے نقل کس طرح کروائی جاتی رہی؟
پنجاب میں 58 ہزار 380، سندھ میں 38ہزار 678، خیبرپختونخوا میں 42ہزار 329، جبکہ بلوچستان میں 5 ہزار 806 طلبہ امتحان میں شامل ہیں۔ اسلام آباد میں 18ہزار 408، آزاد جموں وکشمیر میں 3ہزار 145، گلگت بلتستان میں 739 جبکہ 259 بین الاقوامی طلبا شامل ہیں۔
ملک بھر میں شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایم ڈی کیٹ کے لیے دفعہ 144نافذ جبکہ بدعنوانی کو روکنے کے لیے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم کے لیے صرف انتہائی قابل اور مستحق امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
امتحانی مراکز کے آس پاس دفعہ 144 نافذ کر دی گئی
امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔ ملک بھر سے ایک لاکھ 67 ہزار 77 امیدوار 18ہزار سے زائد نشستوں کے لیے امتحان دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ میں جدید آلات سے نقل کرانے والا مبینہ ملزم گرفتار
سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی ذمہ داری تیسری بار پھر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سونپی گئی۔ سندھ کے 38ہزار 700 امیدوار میں سے 12 ہزار 846 امیدوار کراچی سے ہیں۔ کراچی کی میڈیکل اور ڈینٹل کالج و یونیورسٹیز کی 858 نشستوں کے لیے داخلہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔
واضح رہے 858نشستوں میں سے 746اوپن میرٹ جبکہ 112سیلف فنانس کی نشستیں شامل ہیں۔