الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے، بیرسٹر گوہر

پیر 23 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے تفصیلی فیصلے میں آئین کی تشریح کی، اب الیکشن کمیشن ہماری مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔

شیخ وقاص اکرم اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے، اب ہمارے 38 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں مخصوص نشستوں کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، الیکشن کمیشن کا یکم مارچ کا فیصلہ آئین سے متصادم قرار

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق ہے جو ہمیں ملنی چاہییں، عدالت عظمیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہاکہ ملک میں جمہوریت چلنی چاہیے ہم اس کو سراہتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم 28 ستمبر کو راولپنڈی میں بھرپور جلسہ کریں گے، جبکہ وکلا کنونشن میں بھی شرکت کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کسی بھی غیرآئینی ترمیم کی مخالفت کرےگی۔

یہ بھی پڑھیں مخصوص نشستوں سے متعلق وضاحتی فیصلہ، سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو سنگین وارننگ

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے اکثریتی بینچ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بلے کے نشان والے کیس میں پارٹی کے آئینی حقوق واضح کر دیے جاتے تو ابہام پیدا ہی نہ ہوتا، لوگوں کے آئینی حقوق کا تحفظ عدالتی طریقہ کار سے زیادہ اہم ہے، یہ کہنا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی درخواست سپریم کورٹ کے سامنے موجود نہیں تھی درست بات نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp