او آئی سی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون نے موریطانیہ میں طلبا، اسکالرز اور اداروں کے لیے ریسرچ فیلو شپ کا اعلان کیا ہے تاکہ باہمی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکے اور موریطانیہ میں سائنسی صلاحیتوں کو بڑھایا جاسکے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان تحقیقی فیلوشپس کا اعلان کامسٹیک اور نیشنل ایجنسی فار سائنٹیفک ریسرچ اینڈ انوویشن موریطانیہ نے سائنس اور ٹیکنالوجی صلاحیت سازی کے مشترکہ پروگرام کے تحت کیا ہے۔
مزید پڑھیں:علامہ اقبال اسکالرشپ کے تیسرے مرحلہ میں 216 افغان طلبا کی تربیت کا آغاز
کامسٹیک موریطانیہ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات رکھتا ہے اور یہ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔ کامسٹیک موریطانیہ پروگرام کے تحت موریطانیہ میں نوجوان محققین اور ابتدائی مرحلے کے سائنس دانوں اور انجینئروں کو ریسرچ فیلوشپ فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ او آئی سی کے رکن ممالک بالخصوص پاکستان کے متعدد فہرست شدہ اداروں کے متعلقہ سینٹر آف ایکسیلینس میں 6 ماہ گزار سکیں۔
ان فیلوشپس کا مقصد موریطانیہ سے تعلق رکھنے والے ہونہار محققین اور انجینئرز کی تحقیقی اور ترقیاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنے شعبوں میں مزید تعاون کے لئے روابط کو فروغ دے سکیں۔
مزید پڑھیں:120 پاکستانیوں نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے لیے فلبرائٹ اسکالرشپ حاصل کرلی
اس پروگرام کے علاوہ موریطانیہ کے طلبا اور اسکالرز کامسٹیک کے دیگر پروگراموں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں جو کامسٹیک کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے لانچ اور تشہیر کیے جاتے ہیں۔
اسی طرح موریطانیہ کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ادارے علم، مہارت، ٹیکنالوجی اور وسائل کے تبادلے کے لیے کامسٹیک سینٹر آف ایکسیلینس اداروں کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے اور حل تلاش کیے جا سکیں۔
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 دسمبر ہو گی اور پروگرام کی تمام تفصیلات ویب لنک پر دستیاب ہیں:
https://comstech.org/comstech-mauritania-program-nov-2023/۔