وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے

منگل 24 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 5 روزہ دورہِ امریکا میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

وزیرِاعظم دورہ کے دوران اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیرِ اعظم پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلقہ SDG Moment 2024، سلامتی کونسل کی Leadership for Peace کے عنوان سے ہائی لیول اوپن ڈیبیٹ اور بڑھتی ہوئی سطح سمندر سے ممکنہ خطرات پر اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت اور گفتگو بھی کریں گے۔

وزیر اعظم نیویارک میں امریکا-پاکستان بزنس کونسل اور پاکستانی بینکرز کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے اور ان کو حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے اگاہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:امریکا میں شرح سود میں کمی، پاکستان کو کیا فائدہ ہوگا؟

وزیرِ اعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، جنرل اسمبلی کے صدر فیلیمون یانگ (Philemon Yang)، یورپیئن کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈرلیئن (Ursula von der Leyen) سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بِل گیٹس، عالمی بینک کے صدر اجے بانگا اور عالمی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیرِ اعظم فلسطین کے صدر محمود عباس سے خصوصی ملاقات کریں گے جس میں فلسطین میں جاری صہیونی ظلم و جبر کو روکنے اور عالمی برادری کو اس زمرے میں اقدامات کو تیز کرنے کے لیے آمادہ کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔

وزیرِاعظم دوست ممالک کے سربراہاں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ کہ جانب سے برونائی کے اقوام متحدہ میں رکنیت کے 40 سال مکمل ہونے پر دیے جانے والے ظہرانے اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی جانب سے بنگلہ دیش کی اقوامِ متحدہ کی رکنیت کے 50 برس مکمل ہونے پر دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں:مارخور کے مینٹور مصباح الحق چیمپیئنز کپ چھوڑ کر امریکا کیوں چلے گئے؟

وزیرِ اعظم اپنے دورہ امریکا میں عالمی رہنماؤں کے سامنے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ممالک کے مسائل، پاکستان کی خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قربانیوں، عالمی معاشی نظام و مقروض ممالک کے مسائل، کشمیر میں بھارتی غیر قانونی قبضے و ظلم و جبر اور اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کے حوالے سے آواز اٹھائیں گے۔

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ دورے میں شریک ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp