وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے کیمپ آفس اسلام آباد میں آگ بھڑک اٹھی

منگل 24 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کے اسلام آباد میں کیمپ آفس کے ایک حصے میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے وزیر اعلیٰ کا دفتر محفوظ رہا اور آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا، اور بڑے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑا۔

یہ واقعہ پیر کی صبح 11 بجے پیش آیا جب کیمپ آفس کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

انچارج  گلگت بلتستان ہاؤس جمال نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پی ایس (پرائیویٹ سیکریٹری) کے دفتر میں آگ لگی، جسے وہاں موجود عملے نے فوری طور پر بجھا دیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق  کے مطابق، آگ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، اور سرکاری ریکارڈ سمیت وزیر اعلیٰ کا ذاتی دفتر بھی محفوظ رہا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا تاکہ شارٹ سرکٹ کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے اور ایسے واقعات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

اس واقعے کے دوران آفس کے ایک کمرے میں موجود چند فرنیچر آئٹمز کو نقصان پہنچا، تاہم آگ پر بروقت قابو پانے کی وجہ سے مزید تباہی سے بچا جا سکا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے  کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ایئر کنڈیشن کا پھٹنا تھا، جس کی وجہ سے کمرے کے ایک کونے میں معمولی آگ لگی۔ اس آگ کے نتیجے میں صوفے کا ایک حصہ جل گیا، مگر فوری اقدامات کی بدولت آگ کو بڑھنے سے روکا گیا اور زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ وزیر اعلیٰ کے کیمپ آفس کا تمام اہم اور سرکاری ریکارڈ محفوظ رہا ہے، اور کمرے کے متاثرہ حصے کی مرمت کا کام شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ترجمان نے عوام کو یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا کیمپ آفس اور وہاں موجود سرکاری امور معمول کے مطابق چل رہے ہیں، اور اس واقعے سے کوئی بڑا تعطل پیدا نہیں ہوا۔ آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کو فوری طور پر اطلاع دی گئی تھی، تاہم آفس کے عملے نے اپنی مستعدی سے آگ پر بروقت قابو پا لیا۔

اس واقعے کے بعد کیمپ آفس میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے کسی واقعے سے بچا جا سکے اور سرکاری اثاثوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp