قتل کا الزام: کیا شکیب الحسن جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز کھیلنے اپنے وطن جاسکیں گے؟

منگل 24 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور کپتان شکیب الحسن کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کا گرین سگنل مل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شکیب الحسن کے بعد بنگلہ دیش کے ایک اور کھلاڑی پر مقدمہ درج

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی لیگ کے رہنما و رکن اسمبلی اور آل راؤنڈر کرکٹر شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں ماہ اگست کے دوران گارمنٹ فیکٹری کے ایک ملازم کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ اس مقدمے میں نامزد 146 افراد میں سے ایک ہیں جو 22 اگست کو ڈھاکہ کے ادابور پولیس اسٹیشن میں مقتول کے والد کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا۔

شکیب الحسن کے خلاف اس وقت درج کیا گیا تھا جب وہ پاکستان کے دورے پر تھے تاہم اس صورتحال کے پیش نظر وہ ٹیم کے ہمراہ اپنے وطن واپس جانے کے بجائے انگلینڈ چلے گئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے بھارت کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے لندن سے دہلی چلے گئے تھے۔

سربراہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آپریشنز شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز کھیلنے پر شکیب الحسن کو کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بھی واضح پیغام ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اکتوبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کر رہی ہے۔ پہلا ٹیسٹ 21 اکتوبر اور دوسرا 29 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

مزید پڑھیے: آل راؤنڈر شکیب الحسن قتل کے مقدمے میں بنگلا دیش طلب؟

فی الوقت شکیب قومی ٹیم کے ساتھ چنئی میں ہیں اور افتتاحی میچ میں بھارت کے ہاتھوں 280 رنز کی شکست کے بعد کانپور میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔ تاہم انگلی کی چوٹ کی وجہ سے آنے والے میچ میں ان کی شرکت یقینی نہیں۔

علاوہ ازیں شکیب آنکھوں کے ایک مسئلے سے بھی نمٹ رہے ہیں۔ بیٹنگ کے دوران ہیلمٹ کا پٹا ان کی آنکھ میں چبھ گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن قتل کے مقدمے میں نامزد، کھیل جاری رکھ سکیں گے؟

شہریار نفیس کا کہنا ہے کہ انجری یا خراب فارم کی وجہ سے منتخب نہ ہونا الگ بات ہے لیکن اس کے علاوہ کھیلنے میں کوئی اور رکاوٹ نہیں۔ علاوہ ازیں حکومتی لا ایڈوائزر بھی شکیب الحسن کے وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp