ورلڈ ٹائٹل جیتنا اعزاز، لوگ میرے خواب اور ٹارگٹ پر ہنستے تھے، شاہ زیب رند

منگل 24 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سنگاپور میں ہوئے عالمی کراٹے کمبیٹ کے فاتح کھلاڑی شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹائٹل جیتنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، چھوٹے سے کلب سے کیریئر کا آغاز کیا اور چیمپیئن بننے کا خواب پورا ہوگیا۔

کوئٹہ میں تقریب خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوگ میرے خواب اور ٹارگٹ پر ہنستے تھے، لیکن ویژن واضح ہو تو کامیابی مل کر رہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں عالمی کراٹے کمبیٹ کے فاتح شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے استقبال کیا

شاہ زیب رند نے کہاکہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں امریکا کی اتنی بڑی لیگ میں کھیلا، میرا خواب تھا کہ میں اپنے نوجوانوں کے لیے راستے کھول سکوں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے بہت مایوسی کا سامنا بھی کرنا پڑا، یہاں تک کے کھیل چھوڑنے پر بھی مجبور ہوگیا، امریکا میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے بہت انتظامات ہوتے ہیں لیکن ہمارے پاس کچھ نہیں ہوتا۔

ورلڈ چیمپیئن نے کہاکہ پہلے میرے پاس وسائل نہیں تھے، آج وسائل ہیں، اس لیے میں مزید نوجوانوں کے لیے راستے کھولنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ میں نے امریکا میں 3 مہینے لگاتار سخت ٹریننگ کی، برازیل کے کھلاڑی کے ساتھ مقابلہ ہوا جو بہت مضبوط تھا، لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ آپ وسائل کو دیکھے بغیر اپنی محنت جاری رکھیں۔

شاہ زیب رند قوم کے ہیرو، وزیراعظم ہاؤس بلایا جائے گا، رانا مشہود

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ایسا ہے کہ وہ پاکستان کو لیڈ کرسکتا ہے۔ اسپورٹس میں محنت کی جائے تو کامیابی مقدر بنتی ہے۔

رانا مشہود نے کہاکہ ہم بلوچستان میں مزید 3 دانش اسکول کھول رہے ہیں، گزشتہ دورے پر بلوچستان کے نوجوانوں سے متاثر ہوا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نامساعد حالات میں تعلیم حاصل کرنا نوجوانوں کا کمال ہے، جلد نیشنل والنٹیئر کور بنایا جائے گا، جس میں شامل افراد کو مکمل تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کراٹے کومبیٹ ہیرو شاہ زیب رند کے لیے سرکاری ملازمت اور 20 لاکھ روپے کا اعلان

انہوں نے کہاکہ شاہ زیب رند قوم کے ہیرو ہیں، انہیں وزیراعظم ہاؤس بلایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp