وزیراعلیٰ بلوچستان کا کراٹے کومبیٹ ہیرو شاہ زیب رند کے لیے سرکاری ملازمت اور 20 لاکھ روپے کا اعلان

بدھ 24 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھارتی فائٹر کو دھول چٹانے والے پاکستانی کراٹے کومبیٹ چیمپئین شاہ زیب رند کے لیے سرکاری ملازمت اور 20 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے قومی کراٹے کومبیٹ ٹیم کے کپتان اور کئی عالمی مقابلوں میں فتح یاب ہونے والے کھلاڑی شاہ زیب رند نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں بھارتی حریف کے خلاف جیت پر شاہ زیب رند کو مبارکباد دی اور انہیں سرکاری ملازمت کے علاوہ 20 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی سیکریٹری اسپورٹس کو ہدایت کی کہ شاہ زیب رند کی بیرون ملک پیشہ وارانہ تربیت اور ان کے سفر کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہ زیب بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھیل کے سفیر شاہ زیب نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ثابت کیا کہ بلوچستان میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہے اور حکومت باصلاحیت نوجوانوں کی مکمل سرپرستی کرے گی۔

کراٹے کومبیٹ چیمپئین شاہ زیب رند نے کہا کہ وہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو محنت کی ترغیب دیتے ہی۔انہوں نے کہا کہ حوصلہ افزائی کرنے پر وہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے شکرگزار ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں دبئی میں ہونے والے کراٹے کومبیٹ مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 2-1 سے شکست دے تھی۔ پہلے مقابلے میں پاکستان کے رضوان علی نے بھارت کے پوون گپتا کو شکست سے دوچار کیا۔ دوسرے مقابلے میں بھارت کے ہمانسو کوشک نے پاکستان کے فیضان خان کو مات دی۔

تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے فائٹر شاہزیب نے بھارت کے رانا سنگھ کو پچھاڑ دیا، شاہزیب نے فائٹ کے آغاز میں ہی رانا سنگھ پر پے در پے وار کیے اور انہیں اتنا بے بس کردیا کہ وہ ایک کونے میں دبک گئے اور کافی دیر اٹھ نہ سکے۔ بھارتی فائٹر شاہ زیب کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار پائے، پاکستان نے معرکہ 1-2 سے جیت لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp