منی بجٹ لانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ایف بی آر نے خبروں کی تردید کردی

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ منی بجٹ لائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ممبر ایف بی آر آئی آر پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے کہاکہ منی بجٹ نہیں لایا جارہا۔

یہ بھی پڑھیں منی بجٹ کی تیاریاں؟ کیا حکومت مزید ٹیکس عائد کرنے جارہی ہے؟

حامد عتیق سرور نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے نان فائلرز پر پابندیاں لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف بی آر میں آڈٹ کا نظام فعال نہیں، اور آڈیٹرز کی کمی ہے، اس لیے غور کیا جارہا ہے کہ آڈیٹرز اور انسپکٹرز کو کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے۔

حامد عتیق سرور نے کہاکہ اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ اے سی سی اے، اے سی ایم اے اور چارٹڈ اکاؤنٹنٹس فرمز سے آڈیٹرز تعینات کیے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 400 آڈیٹرزتعینات کیے جاسکتے ہیں، جبکہ کل 4 ہزار آڈیٹرز کو تعینات کرنے کی تجویز ہے۔

ممبر ایف بی آر نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 20 لاکھ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ایف بی آر نے کہاکہ 30 ستمبر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے جس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں کیا قوم کو منی بجٹ کا سرپرائز ملنے والا ہے؟

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ دنوں میں نان فائلرز کے خلاف پابندیوں کا اطلاق ہوسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp