پاکستان نے لبنان پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر پاکستان شہریوں کو فوری ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے، جاری ایڈوائزری میں پاکستانیوں کو کمرشل پروازوں کے ذریعے فوری ملک چھوڑنے کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل، لبنان کشیدگی مکمل جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے، امریکا
بدھ کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں اور وہ پاکستانی جو وہاں مقیم ہیں فوری طور پر لبنان چھوڑ دیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملوں کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تاحکم ثانی لبنان کا سفر نہ کریں۔
مزید پڑھیں:اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں 35 بچوں سمیت 492 افراد شہید
ایڈوائزری میں لبنان میں موجود پاکستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کمرشل پروازوں جو اس وقت آپریشنل ہیں، کا استعمال کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیں۔ فوری طور پر روانہ نہ ہونے والے تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ وہاں پر ’انتہائی احتیاط برتیں‘ اور محفوظ علاقوں میں منتقل ہو جائیں‘۔
دفتر خارجہ نے شہریوں کو بیروت میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہنے، مدد کے لیے رابطہ نمبر اور ای میل ایڈریس بھی فراہم کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چین نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کردی
دفتر خارجہ کے مطابق بیروت میں پاکستانی سفارت خانے کا سیل ، واٹس ایپ نمبر اور ای میل درج ذیل ہیں۔
+961-81669488 +961-81815104
ای میل: [email protected]
واضح رہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے لبنان میں فضائی حملے تیز کر دیے ہیں اور لبنانی وزیر صحت فراس ابیاد نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 افراد شہید اور 223 زخمی ہوئے ہیں۔ حزب اللہ نے تل ابیب کے قریب موساد کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل داغنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
مزید پڑھیں:حزب اللہ کا بڑا حملہ، اسرائیل کے بھاری نقصان کے مناظر سامنے آگئے
اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے فوجیوں کو لبنان پر ممکنہ زمینی حملے کے لیے تیار رہنے کی بھی ہدایت کر دی ہے کیونکہ اسرائیلی طیارے سرحد پار حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔