امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازع کے مکمل جنگ میں تبدیلی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی نیشنل سیکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل پر واضح کرچکے ہیں کہ ہم نہیں سمجھتے کہ خطے میں فوجی کشیدگی میں اضافہ کسی بھی طرح اسرائیل کے حق میں بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔
جان کربی نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کہتے ہیں کہ شمالی اسرائیلی علاقوں میں یہودی آبادکاروں کی واپسی تک آپریشن جاری رہے گا تاہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ نیتن یاہو جن لوگوں کو واپس ان علاقوں میں لانا چاہتے ہیں کشیدگی میں اضافہ ان کے حق میں بھی بہتر نہیں ہو سکتا۔
مزید پڑھیں:حزب اللہ کا بڑا حملہ، اسرائیل کے بھاری نقصان کے مناظر سامنے آگئے
کربی نے کہا لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کی صورتحال چند روز قبل کے مقابلے میں اس وقت بہت ہی خراب ہو چکی ہے، لیکن ہمیں اب بھی یقین ہے کہ اس صورتحال کے باوجود بھی مسائل کے سفارتی حل کے لیے وقت اور مواقع ضرور موجود ہوں گے اور ہم اسی پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیل اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جمعے کے روز بیروت پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ اس سے قبل کمیونیکیشن ڈیوائسز میں دھماکوں کے نتیجے میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے اراکین سمیت 39 سویلینز جاں بحق جبکہ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔