ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مالم جبہ میں غیر ملکی سفیر کا دورہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے اہتمام کیا گیا تھا، وزارت خارجہ کا نہیں تھا۔ نائب وزیراعظم سفیروں سے ملے ہیں اور انہیں تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وزارت خارجہ نے تمام پروٹوکول کو فالو کیا ہے، جن سفارت کاروں نے انفرادی طور پر دفتر خارجہ سے رابطہ کیا انہیں خیبرپختونخوا سفر سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جن کو میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسرائیل کے جارحانہ عزائم کی مذمت اور لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اس ہفتے اسرائیل نے 88فلسطینیوں کی گلی سڑی لاشیں فلسطین بھیجی ہیں، یہ انتہائی بہیمانہ اقدام تھا۔
’عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور انسانیت سوز مظالم پر اسرائیل کا محاسبہ کرے‘۔
مزید پڑھیں: ایس سی او اجلاس میں شرکت، مودی نے تاحال پاکستان کے دعوت نامے کا جواب نہیں دیا، ترجمان دفتر خارجہ
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف جموں کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر تشویش ظاہر کی گئی۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
’ہم کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور سیکیورٹی کے لیے خواہاں ہے۔ پاکستان افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے مختلف فورمز پر بات چیت کرتا رہتا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے بیان کہ ’دنیا کو طالبان سے بات کرنی چاہیے‘ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم افغان عوام کے لیے متفکر ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کو معاشی مواقع ملنے چاہییں اور دوسرا ہم سمجھتے ہیں کہ افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کے استعمال سے روکنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران قریبی ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے کئی فورمز موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات دونوں ممالک کے عوام اور تجارت کی بڑھوتری کے لیے ضروری ہے۔
یہ پڑھیں: غیرملکی سفارتکار پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصروں میں محتاط رہیں، ترجمان دفتر خارجہ
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ایران صدر کے ساتھ ملاقات کے بارے میں کہا ہے کہ پاکستان برادر ملکوں کے ساتھ تمام موضوعات پر بات چیت کا خواہاں ہے۔
’پاکستان اپنے ملک میں سفراء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے‘۔
مالم جبہ دہشت گرد حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک میں سفراء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ سفارت کاروں کو اندرون ملک سفر کے لیے ہدایات جاری کی جاتی ہیں، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور تحقیقات جاری ہیں جن کو میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے اہتمام کیا گیا دورہ تھا، وزارت خارجہ کا نہیں تھا۔ نائب وزیراعظم سفیروں سے ملے ہیں اور انہیں تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وزارت خارجہ نے تمام پروٹوکول کو فالو کیا ہے، جن سفارت کاروں نے انفرادی طور پر دفتر خارجہ سے رابطہ کیا انہیں خیبرپختونخوا سفر سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان برآمدی کنٹرول کے سیاسی استعمال کو مسترد کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، اسلام چیمبر آف کامرس نے آگاہ نہیں کیا تھا کہ وہ ایسا کوئی وزٹ لے کر جا رہے ہیں، اس سلسلے میں وزارت خارجہ کے اندر غور و حوض جاری ہے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے 79ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں، اس دوران انہوں نے سائیڈ لائن ملاقاتوں میں کویت کے ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے تجاویز دیں۔ تاہم، کل وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔