مالم جبہ میں غیر ملکی سفیروں پر حملہ صوبائی حکومت کی غفلت کے سبب ہوا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی

جمعہ 27 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات کے علاقے مالم جبہ میں غیر ملکی سفیروں پر حملے کا واقعہ صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث پیش آیا، ان تمام واقعات کے بعد صوبائی حکومت نے کوئی اجلاس نہیں بلایا۔ صوبے کی صورتحال امن و امان کے حساب سے گھمبیر ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاڑا چنار میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، اور صوبائی حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اراکین صوبائی اسمبلی میں افسران سے بات کرنے کی تمیز ہی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی والے دوسرا 9 مئی کرنا چاہتے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختوںخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ بی آر ٹی سب سے زیادہ کرپشن کا شکار ہے، ان کے پاس اور کچھ ہے ہی نہیں بس مشیر بناتے جا رہے ہیں، اور صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے، حکومت  نے تعلیم کا بیڑا غرق کردیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اپنے علاقے میں  امن وامان نہیں ہے، کرم ایجنسی کی صورتحال کیا ہے سب کو معلوم ہے، گزشتہ روز کرم ایجنسی کے عمائدین میرے پاس آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم جمہوری لوگ، نہیں چاہتے کہ صوبے میں گورنر راج لگے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف کوئی کام نہیں کررہی، ڈیرہ اسماعیل خان سے سوات تک دہشتگردی ہورہی ہے۔ صوبائی حکومت بس یہی سوچ رہی ہے کہ کہاں دھرنا دینا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp