فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر امریکی ویزے کے حصول کی کوشش کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امریکی قونصل خانے کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ملزمان کے خلاف کاروائی کے لیے امریکی قونصل خانے نے تحریری درخواست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جناح اسپتال کراچی، ممنوعہ ادویات کی خریداری کا معاملہ، ایف آئی اے کا نوٹس
گرفتار ملزمان میں محمد مقصود، عبداللہ اور صفیان خالد شامل ہیں، جن کا تعلق صوابی سے ہے، گرفتار ملزمان کو مختلف ایجنٹس نے امریکی ویزا کے لیے جعلی دستاویزات فراہم کی، ملزمان خود کو بزنس مین اور طالب علم ظاہر کر کے امریکا جانا چاہتے تھے۔
ملزم محمد مقصود اور عبداللہ نے خود کو نجی اسکول کا طالب علم ظاہر کیا اور کانفرنس میں شرکت کے نام پر ویزے کے لیے اپلائے کیا، ملزمان نے طالب علم ظاہر کرنے کے حوالے سے جعلی دستاویزات فراہم کیں، جبکہ ملزم صفیان خالد نے جعلی شناخت کے ذریعے ویزہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کے بڑی کارروائی، جعلی ویزہ پر کینیڈا جانے والا مسافر ایجنٹوں سمیت گرفتار
ملزم صفیان خالد نے لاہور میں موجود نجی کمپنی کا نام استعمال کرتے ہوئے خود کو اس کا مالک ظاہر کیا، ملزم نے اس مقصد کے لیے کمپنی کے ٹیکس ریٹرنز اور کمپنی رجسٹریشن کی دستاویزات پیش کیں ، تاہم کمپنی کے مالک سے رابطہ کرنے پر انکشاف ہوا کہ ملزم نا تو کمپنی کا ملازم ہے، نا پروپرائیٹر اور نا ہی پارٹنر۔
ملزمان کو مذکورہ دستاویزات بھاری رقوم کے عوض ایجنٹوں نے فراہم کیں،ایجنٹس نے ملزمان سے 6000 سے 7000 ہزار امریکی ڈالرز کے عوض جعلی دستاویزات فراہم کی،ملزمان کی جانب سے ایجنٹس کو فی کس 2 ہزار امریکی ڈالرز تک پیشگی ادا کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی دستاویزات پر پاکستان پہنچنے والا مسافر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار
ملزمان کے خلاف مجموعی طور پر 2 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، نامزد ایجنٹوں میں فراز کھیتران، محمد عمر اورحماد شیرازی شامل ہیں، ایجنٹوں کا تعلق لاہور، پشاور اور سرگودھا سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان اور ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔