پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارتی وفد کے بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی دہشتگردی کی فرنچائز اب عالمی سطح پر پھیل چکی ہے، کینیڈا اورامریکا میں سکھوں کا قتل اور دہشتگرد حملے واضح مثال ہیں، بھارت تنازع کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی مذموم کوششوں میں ملوث ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں خونریزی کو روکنا ہوگا، بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان جواب دےگا، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں خطاب
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظالمانہ اور جابرانہ پالیسی کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستانی اور بھارتی مندوبین کے درمیان بحث کے دوران سخت تلخ کلامی ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ جئے شنکر نے الزام لگایا کہ پاکستان کی سرحد پار دہشتگردی کی پالیسی کبھی کامیاب نہیں ہو گی اوراسے کسی استثنا کی کوئی امید نہیں ہونی چاہیے، اس کے برعکس پاکستان کو ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان کو قبضہ میں لیا ہوا علاقہ خالی کرنا ہوگا، جئے شنکر
انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان تصفیہ طلب مسئلہ اب صرف یہ ہے کہ پاکستان کوغیرقانونی طورپرقبضے میں لیا ہوا علاقہ خالی کرنا ہے اور پاکستان کی دہشتگردی کے ساتھ بقول ان کے دیرینہ رغبت کا خاتمہ بھی کرنا ہوگا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان اور انڈیا کے ایک دوسرے پر لفظی وار pic.twitter.com/QzJMOsP1xM
— Independent Urdu (@indyurdu) September 29, 2024
دوسری جانب بھارتی مندوب بھاویکا منگلانندن نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی نشاندہی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
جموں کشمیر بھارتی کا داخلی معاملہ ہے
اقوام متحدہ میں بھارتی مشن کی فرسٹ سکریٹری منگلانندن نے دعویٰ کیا کہ جموں کشمیر بھارتی کا داخلی معاملہ ہے اور کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، انہوں نے پاکستان پر سرحد پار دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ بھارتی مندوب بھاویکا نے پاکستان کے جمہوری نظام پر بھی انگلیاں اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل میں کردار ادا کریں، پاکستان اور برونائی کا مشترکہ مؤقف
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے تھرڈ سیکریٹری محمد فہیم نے منگلا نندن کے بیان پر پاکستان کی جانب سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا۔
بھارت حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہاہے، پاکستان
پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی اور جابرانہ اقدامات سے دُنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے تنازع جموں کشمیر سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوامِ متحدہ کے 78 سال مکمل ہونے کے باوجود مسئلہ کشمیر پر مکمل خاموشی؟
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے ایک درجن سے زیادہ خصوصی نمائندوں کی رپورٹس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے اور اس کے باوجود بھارت آزاد مبصرین کو حقائق جاننے کے لیے مقبوضہ جموں کشمیر جانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔
بھارت عالمی دہشتگردی میں ملوث، ثبوت موجود ہیں
پاکستانی مندوب نے بھارت کے دہشتگردی کے بے بنیاد الزامات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان اور دیگر ممالک کے خلاف دہشتگردی کی سرپرستی میں ملوث رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تنازع کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے، نگراں وزیراعظم کا انتونیو گوتریس سے مطالبہ
انہوں نے کلبھوشن یادیو کے معاملے سمیت دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ امریکا اور کنینڈا کی سرزمین پر سیاسی مخالفین اور سکھوں کے حالیہ قتل اور قتل کی کوشش کے ساتھ بھارت کی دہشتگردی کی فرنچائز اب عالمی سطح پر پھیل چکی ہے اور منظر عام پر آ چکی ہے، دُنیا اس دہشتگردی کو بخوبی جانتی ہے۔
محمد فہیم نے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں مسلم آبادی اور دیگر اقلیتوں کو نشانہ بنانے اور ان پر تشدد اور اسلاموفوبیا کی بھی مذمت کی۔
کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے
محمد فہیم نے کہا کہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے، نہ کبھی رہے گا اور نہ ہی یہ کوئی داخلی معاملہ ہے اس کے باوجود بھارت نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے جبر کا راستہ اختیار کیا ہے اور ظالمانہ اور جابرانہ قبضے کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز امنگوں کو دبایا ہے۔
کشمیر میں بھارت کی 10 لاکھ فوج مظالم ڈھا رہی ہے
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے اس قبضے کو مزید تقویت بخشی اور کشمیریوں کی جائز حق کو دبانے کے لیے تقریباً 10 لاکھ فوجی تعینات کیے گئے۔
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جرائم ‘گھناؤنے اور بے رحم ہیں، بے گناہ شہریوں کو منظم مقابلوں، ماورائے عدالت قتل اور اجتماعی سزاؤں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پوری کشمیری سیاسی قیادت قید ہے
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ کشمیر میں پورے کے پورے گاؤں مسمار کیے جاتے ہیں، پوری کشمیری سیاسی قیادت قید ہے، اور آزادی کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے لیے میڈیا بلیک آؤٹ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات، فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ
بھارتی وفد کے دہشتگردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے محمد فہیم نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ ایک ایسا ملک جو دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے آلہ کے طور پر استعمال کرتا ہے اسے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
بھارت، جو دنیا بھر میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے اور قتل کی مہم چلا رہا ہے، شاید ہی اس معاملے پر کسی کو لیکچر دینے کی پوزیشن میں ہے۔