پاکستان قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئندہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے حوالے سے پراعتماد ہے اور کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ دبئی میں موسم کی صورتحال کے لحاظ سے انہیں دوسری ٹیموں کی نسبت قدرے فوقیت حاصل ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 3 اکتوبر کو شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں طوبیٰ حسن، نجیہہ علوی اور تسمیہ رباب جیسی کھلاڑی اپنی سخت تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتی نظر آئیں۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم میں شامل مذکورہ بالا تینوں کھلاڑیوں کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جن میں وہ اپنی تیاری کے حوالے سے اظہار خیال کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا 3 اکتوبر سے آغاز، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ چوں کہ انہوں نے حال ہی میں ملتان میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ملتان میں کھیلی تھی اس لیے وہاں کا موسم اوردبئی سے مطابقت رکھتا ہے جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ملتان میں 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جس میں اسے 2، ایک سے شکست ہوئی لیکن ہار جیت سے قطع نظر سیریز میں ٹیم نے اچھی پرفارم کیا تھا۔
ٹیم نے لاہور میں فٹنس کیمپ میں حصہ لیا تھا جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ اس لحاظ سے بھی انہیں دبئی کے حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20: پاکستان کو شکست، جنوبی افریقہ نے 2-1 سے سیریز اپنے نام کرلی
طوبیٰ حسن نے لاہور کیمپ کے فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا گروپ چیلنجنگ ہے لیکن ہمیں ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے۔
پاکستانی ٹیم کی وکٹ کیپر نجیہہ علوی کے مطابق بھی ملتان اور دبئی کے موسمی حالات کے درمیان کم فرق ہے جس کی وجہ سے وہ بغیر کسی مشکل کے تیاری کر رہی ہیں۔
حال ہی میں ڈومیسٹک اور ایمرجنگ ٹیم میں پرفارمنس کے بعد قومی ٹیم کے کیمپ کے لیے طلب کی جانے والی تسمیہ رباب کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تیاری پر کافی پراعتماد ہیں ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کریں گی۔
اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی 150 ٹاپ کھلاڑی حصہ لیں گی جن میں 10 ٹیمیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم اور دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 23 میچ کھیلیں گی۔
مزید پڑھیں: ویمن ٹی20 ورلڈ کپ: قومی ٹیم دبئی روانہ، گروپ میچز میں کونسی بڑی ٹیموں کا سامنا ہوگا؟
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ نئے آنے والے اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔ گروپ اے میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
دریں اثنا گروپ بی میں بھی سخت مقابلہ متوقع ہے جس میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ 7 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے۔ سیمی فائنلز 17 اور 18 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ فائنل 20 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستان اسکواڈ
ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔ تاہم لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ ٹریولنگ ریزرو میں نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔