57 اسلامی ممالک موجود، مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے نیٹو طرز کا اتحاد تشکیل دینا چاہیے، ڈاکٹر ذاکر نائیک

منگل 1 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے تجویز دی ہے کہ امت مسلمہ کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے نیٹو طرز کا اتحاد تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیٹو اتحاد میں 32 ممالک شامل ہیں، اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہو تو اسے تمام پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کہاں، کب اور کس موضوع پر لیچکر دیں گے؟

ذاکر نائیک نے کہاکہ اس وقت دنیا کے نقشے پر 57 اسلامی ممالک موجود ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اسلامی ممالک بھی نیٹو طرز کا اتحاد تشکیل دیں، کیونکہ اس سے مسلمانوں کی طاقت میں اضافہ ہوگا، لیکن افسوس ہے کہ اس وقت مسلمان تقسیم کا شکار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فسلطین کے معاملے پر ہمیں پرامن احتجاج کرنا چاہیے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آگہی پھیلائی جائے، جبکہ تہجد کے وقت ہر مسلمان دعا تو ضرور کرے۔

ذاکر نائیک نے کہاکہ مسلمانوں کو فلسطینی بھائیوں کی مالی مدد کرنی چاہیے، جبکہ اسرائیل کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمات کریں، اور مسلم ممالک کا میڈیا فلسطین کے حوالے سے آواز اٹھائے۔

یہ بھی پڑھیں ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے

ذاکر نائیک نے مزید کہاکہ مسلمان اگر اسلامی نظام کی طرف آتے ہوئے خلافت قائم کریں گے تو اس طرح کے مسائل کبھی پیدا ہی نہیں ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp