ایران کا اسرائیل پر حملہ، پی آئی اے نے پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

منگل 1 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق ازسر نو پلان ترتیب دیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ اور لبنان میں جشن کا سماں

ترجمان کے مطابق جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کریں گے۔

ترجمان نے کہاکہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے دو کوریڈور استعمال کرتا ہے۔ ناردرن کوریڈور کینیڈا اور ترکیہ جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور یواے ای، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر 400 سے زیادہ میزائل داغے گئے ہیں، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بج اٹھے۔

دوسری جانب غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ مسلح افراد زمینی راستے سے بھی اسرائیل میں گھس گئے ہیں، اور فائرنگ سے متعدد اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ادھر ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ نے اسرائیل پر حملے بعد کہا ہے کہ ہم نے اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ پر حملے کا بدلہ لیا ہے۔

اسرائیل پر میزائل داغنے کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائل داغے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا جواب ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

پاسداران انقلاب کے مطابق اسرائیل کی جانب داغے گئے میزائلوں نے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اب اگر اسرائیل نے کارروائی کی تو اسے شدید جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp