یمن کی حوثی ملیشیا کا کہنا ہے کہ اس نے ’قدس 5 ‘راکٹوں سے اسرائیل کے اندر قائم فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم جانی اور دیگر نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔
گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے کہا کہ اسرائیل کے لیے امریکا اور برطانیہ کی مسلسل حمایت سے ان دونوں ممالک کے مفادات ’آگ کی زد میں‘ آ سکتے ہیں ۔
یمن کے حوثیوں نے فلسطینی اور لبنانی عوام کی حمایت میں اسرائیل کے اندر دور تک میزائل فائر کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل پر میزائلوں کی بارش؛ ایران نے بڑی غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا، نیتن یاہو
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
ساری نے منگل کو اسرائیل کے خلاف میزائلوں کی بارش کرنے پر ایران کی تحسین کی۔ ان کا کہنا ہے ’ہم اس وقت تک اسرائیلی دشمن یا ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو وسیع کرتے رہیں گے جب تک کہ غزہ اور لبنان پر جارحیت بند نہیں ہو جاتی اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔
یہ بھی پڑھیے: مشرق وسطیٰ میں علاقائی جنگ کا آغاز، اب کیا ہوگا؟
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح سویرے شمالی اسرائیل پر راکٹوں کی بارش ہوئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق
آج صبح شمالی اسرائیل پر 100 راکٹ فائر کیے گئے۔ آنے والے راکٹوں کے سبب وارننگ کے سائرن پورے شمالی اسرائیل میں بج رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اسرائیل لبنان سرحد کے قریب حیفہ اور مغربی گلیلی کے آس پاس کی آبادیوں کو الرٹ جاری کیا۔
اسرائیلی میڈیا نے اسرائیلی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آج صبح سے اب تک شمالی اسرائیل پر 100 راکٹ برس چکے ہیں۔