نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن کو وزارت خارجہ آمد پر خیر مقدم کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے شعبوں اور ملائیشین وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملائیشیا کے وزیر اعظم 3 روزہ دورے پر 2 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ
دریں اثنا فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
چیمبر سے جاری بیان کے مطابق عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کی بہتری کے لیے یہ دورہ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی چاول، کپاس اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی طلب بہت زیادہ ہے، حکومت ملائیشیا کے لیے اپنی برآمدات کو بہتر بنا سکتی ہے۔