وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا۔
یہ بھی پڑھیں آپ کی طرف سے سوالوں کا جواب امت کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، فضل الرحمان سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات
شہباز شریف نے کہاکہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ آپ کے سامعین میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو کہ انتہائی پر معز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے اور آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کررہا ہے۔
وزیراعظم نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔
1991 میں دورہ پاکستان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک
اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہاکہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو کہ اسلام کے نام پر بنا۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔
یہ بھی پڑھیں 57 اسلامی ممالک موجود، مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے نیٹو طرز کا اتحاد تشکیل دینا چاہیے، ڈاکٹر ذاکر نائیک
ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دیں گے۔ شہباز شریف نے ممتاز اسلامی اسکالر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔