امن و امان کی مخدوش صورتحال، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی عدالتیں ڈی آئی خان منتقل کرنے کا فیصلہ

جمعرات 3 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی تمام عدالتوں کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ٹانک اور جنوبی وزیرستان سے عدالتوں کی منتقلی کا متفقہ فیصلہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراہیم اشتیاق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہائیکورٹ کے دیگر ججز کے علاوہ ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے جوڈیشل افسران بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹانک میں ججز کے اسکواڈ پر فائرنگ، 2 محافظ شہید

ہائیکورٹ نے ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں تعینات تمام جوڈیشل افسران کو ڈی آئی خان میں کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے، جو سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے تک ڈی آئی خان میں ہی کام کریں گے۔

پشاور ہائیکورٹ کے جاری احکامات کے مطابق، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے تمام مقدمات اب ڈی آئی خان میں سنے جائیں گے، متعلقہ اضلاع کے جوڈیشل افسران کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام متعلقہ عدالتوں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سزا کیوں سنائی؟ سزا سنانے پر ملزم کا جج پر حملہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں اس وقت امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں، ٹانک اور وزیرستان میں ججز پر حملے اور دہشتگردی کے واقعات کے بعد وہاں کی تمام عدالتوں کی ڈی آئی خان منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp