علی امین گنڈاپور کا قافلہ اسلام آباد کی جانب رواں دواں، کئی روز تک رکنے کے لیے خصوصی انتظامات

جمعہ 4 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج میں شرکت کے لیے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ بذریعہ موٹروے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔

قافلے میں سینکڑوں گاڑیاں شامل ہیں، جبکہ کارکنان نے ایک سے زیادہ روز تک رکنے کے لیے خصوصی انتظامات کررکھے ہیں جس میں کھانے پینے کا سامان، کپڑے، تولیے، نمک اور آنسو گیس سے بچنے کے لیے ماسک شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی احتجاج: کارکنان ڈی چوک پہنچنا شروع، پولیس کی شیلنگ، اسلام آباد مکمل سیل، موبائل فون سروس بند

علی امین گنڈاپور قافلہ کے ہمراہ پشاور موٹروے ٹول پلازہ سے روانہ ہوکر صوابی پہچنے جہاں وہ کنٹینر پر سوار ہوئے۔ موٹروے پر پنجاب کی حدود میں قائم رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے کنٹینر کے آگے کرینز، بلڈوزر، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور دیگر مشینری موجود ہے۔

پشاور سے آنے والے قافلے میں مردان، صوابی، سوات اور مالاکنڈ ڈویژن سے آنے والے قافلے بھی شامل ہوچکے ہیں جبکہ ہزارہ ڈویژن کے اضلاع کے قافلے ہزارہ انٹرچینج پر شامل ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور کے قافلے کو اٹک پل پر پہلی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور اٹک پل پر کنٹینرز لگاکر موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے قافلے میں شامل مشینری نے اٹک پل پر رکھے گئے کنٹینرز ہٹانا شروع کردیے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں 17 اکتوبر تک اسلام آباد کی صورتحال حساس، پی ٹی آئی احتجاج سے باز رہے، وزیر داخلہ کی وارننگ

مظاہرین کو روکنے کے لیے اٹک پل کے بعد ایم ون موٹروے پر برہان انٹرچینج، کٹی پہاڑی سمیت مختلف مقامات پر کنٹینرز کی رکاوٹیں اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp