بھارتی وزیر خارجہ کے حوالے سے میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بیرسٹر سیف

ہفتہ 5 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے حوالے سے دیے گئے بیان سے مکرگئے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میری ٹی وی چینل پر گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی نے بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں شرکت اور خطاب کی دعوت دیدی

انہوں نے کہاکہ ٹی وی اینکر کو سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ جے شنکر کو دعوت دیتا ہوں، وہ بھی پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج دیکھ لیں، لیکن اب میرا آدھا بیان پیش کرکے صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہاکہ پی ٹی آئی کے احتجاج کو شنگھائی تعاون تنظیم سے جوڑنا درست نہیں، ہم شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مندوبین کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ کو کہیں گے کہ آپ دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط ہے جہاں کسی کو احتجاج کا حق بھی نہیں دیا جاتا۔

بیرسٹر سیف نے کہاکہ ہم ہر صورت ڈی چوک پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے احتجاج میں ن لیگ کے مسلح لوگ شامل ہوگئے، بیرسٹر سیف کا الزام

ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او اجلاس میں جتنے بھی مندوبین آرہے ہیں وہ ہمارا احتجاج دیکھ کر خوشی محسوس کریں گے، اور پاکستان کی جمہوری اقدار کی تعریف کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp