وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میں کل رات خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہی تھا، ملک کی خاطر جلد اچھے فیصلے سامنے آئیں گے، اور ادارے بیٹھ کر فیصلہ کریں گے، لیکن پالیسی سازوں نے اگر اب بھی صحیح سوچ کی طرف قدم نہ اٹھایا تو میں سمجھوں گا کہ یہ ملک کے ساتھ وفادا نہیں ہیں۔
گزشتہ روز کے پی ہاؤس اسلام آباد سے لاپتا ہونے والی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اچانک خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہنچ گئے اور خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی نے علی امین گنڈاپور کی گمشدگی کو ڈراما قرار دیدیا
انہوں نے کہاکہ آئی جی اسلام آباد نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی، اور مجھے گالی دی کہ کہاں ہے وزیراعلیٰ، اگر ہماری چیزیں ٹھیک کروا کے نہ دیں اور معافی نہ مانگی تو ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، میں پوچھتا ہوں کیا یہ ملک کسی کے باپ کا ہے، ہم اپنے وعدے کے مطابق ڈی چوک پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ میں پاکستان کے عوام کو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر سلام پیش کرتا ہوں، مجھے اپنے ہاؤس اور ارکان پر فخر ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہمیں شہر سے باہر جلسے کی اجازت دی جارہی ہے، ہم نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مانگی تو مویشی منڈی میں جلسے کی اجازت دی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اسلام آباد کی طرف جاتے ہوئے ہمیں راستے میں جگہ جگہ روکا گیا اور راستے بند کیے گئے تھے مگر اس کے باوجود ہم ڈی چوک میں پہنچے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں ابھی تک بندے بٹھائے ہوئے ہیں، ہم دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، گورنر راج کی دھمکیاں لگانے والے بتائیں کیا اس سے عمران خان کا نظریہ ختم ہوجائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئی جی نے 4 ریڈ ماریں لیکن میں خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہونے کے باوجود ان کو نہیں مل سکا، یہ کل ان کی کارکردگی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کے پی ہاؤس میں تعینات ڈی ایس پی کو بٹ مارے گئے، یہ آئی جی اسلام آباد سیاسی غنڈہ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک شخص کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، لیکن ہم آئین پاکستان کا تحفظ کریں گے اور یہ جنگ مرتے دم تک لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور کی خیبرپختونخوا ہاؤس سے فرار ہونے کی حقیقت آشکار
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور گزشتہ روز خیبرپختونخوا ہاؤس سے لاپتا ہوگئے تھے، جس کے بعد حکومت نے کہا تھا کہ وہ ہمارے کسی ادارے کے پاس نہیں، تاہم آج انہوں نے خود منظر عام پر آکر بتا دیا کہ وہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہی روپوش تھے۔