لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج کے دوران ایوان عدل میں شیلنگ کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل نے دونوں اہلکاروں کو معطل کرکے شوکاز نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ دونوں اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹی میں غفلت برتنے کے ساتھ ایوان عدل میں شیلنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: 47 کنٹینرز نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو کیسے ناکام بنایا؟
انہوں نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کو پولیس لائینز رپورٹ کرنے کے ساتھ شوکاز کا جواب دینے کا وقت دے دیا گیا ہے، دونوں اہلکاروں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوان عدل کے اندر شیل پھینکے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا آغاز کردیا گیا ہے، اہلکاروں کے خلاف میرٹ پر انکوائری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 5 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج کی کال دی تھی۔ پہلے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان پر عمران خان کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کا پروگرام بنایا گیا جس کو بعد میں احتجاج میں تبدیل کر دیا گیا تھا، پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور میں احتجاج کی کال کے بعد پنجاب حکومت اور قانون نفاذ کرنے والے اداروں نے لاہور کی مختلف شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بلاک کر دی تھیں اور پنجاب پولیس کی کچھ نفری بھی وہاں کھڑی ہوگئی تھی، اس دوران شہر کے بعض مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔