ملائکہ زاہد مشکلات کو ناک آؤٹ کرکے کوئٹہ کی پہلی خاتون باکسر بن گئیں

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کہاوت مشہور ہے کہ کوشش کرنے والوں کی ہار نہیں ہوتی اور اس جملے کی جیتی جاگتی مثال ہیں کوئٹہ کی رہائشی ملائکہ زاہد جو گزشتہ 9 سال سے باکسنگ کے کھیل سے منسلک ہیں۔

ملائکہ نے کوئٹہ میں خواتین کے لیے باکسنگ کلب نہ ہونے کی وجہ سے اپنے گھر کے ایک کمرے میں چھوٹا سا جم بھی بنایا ہے جہاں وہ کالج اوقات کے بعد کئی گھنٹے باکسنگ کی پریکٹس کرتی ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کا کھیل کے شعبے میں آگے آنا کوئی آسان بات نہیں کیوں کہ یہاں خواتین کے لیے کسی قسم کی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بھی باکسنگ کا اپنا سفر لڑکوں کے کلب سے ہی شروع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی کراٹے کمبیٹ کے فاتح شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے استقبال کیا

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کا کھیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو معیوب سمجھا جاتا ہے لہٰذا مجھے بھی ابتدا میں خاندان اور معاشرے والوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور کامیابی حاصل کرنے بعد لوگ آپ کو اہمیت دینا شروع کر دیتے ہیں۔

ملائکہ اب تک 5 بار نیشنل چیمپیئن رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ضلعی اور صوبائی سطح پر ہونے والے مختلف مقابلوں میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہیں۔

مزید پڑھیے: پاکستانی خاتون کوہ پیما نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ’ایورسٹ ’سر‘ کرلی

وہ مستقبل میں کامن ویلتھ گیمز اور اولمپکس سمیت دیگر بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لے کر ملک کا نام روشن کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp