پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ، انگلینڈ کے جو روٹ نے 2 ریکارڈ اپنے نام کرلیے

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف جاری ملتان ٹیسٹ کے دوران تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 2ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔ جو روٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 5ہزار رنز والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں اور دوسری جانب وہ الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا 99واں ففٹی پلس اسکور درج کیا، اور 147ویں ٹیسٹ میں ایلسٹر کک کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز اسکورر بن گئے ہیں۔ اننگز کے 42ویں اوور میں روٹ نے پاکستانی فاسٹ بولر عامر جمال کو باؤنڈری لگا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

السٹر کک نے 161 ٹیسٹ میچوں میں 45.35 کی اوسط سے 12ہزار 472 رنز بنائے، انہوں نے 33سنچریاں اور 57نصف سنچریاں بنائی ہیں، جبکہ انہوں نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

مزید پڑھیں: ملتان ٹیسٹ کا تیسرا دن: انگلینڈ کی بیٹنگ جاری، 3 کھلاڑی آؤٹ

جو روٹ نے اپنے 147ویں ٹیسٹ، 268ویں اننگز کے دوران کک کو پیچھے چھوڑ دیا، اب وہ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پانچویں نمبر کے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پہلے نمبر پر بھارت کے سچن ٹنڈولکر 15ہزار 921 رنز، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 13ہزار 378 رنز، جیک کیلس 13ہزار 289 رنز اور بھارت کے راہول ڈریوڈ 13ہزار 288 رنز بنا کر نمایاں ہیں۔

جو روٹ نے پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے انگلینڈ کے بلے بازوں کی فہرست میں ڈیوڈ گوور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ گوور نے پاکستان کے خلاف 17 ٹیسٹ میں 1185 رنز بنائے ہیں۔ 33 سالہ جو روٹ نے پاکستان کے خلاف اپنے 16ویں ٹیسٹ میں گوور کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 20 ٹیسٹ میں 1,719 رنز کے ساتھ سرفہرست مقام السٹر کک کا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف جاری ملتان ٹیسٹ کے دوران ایک تاریخی سنگ میل حاصل کیا اور وہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ  میں 5ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کون سا اہم سنگ میل عبور کرنے والے ہیں؟

روٹ میچ سے قبل سنگ میل سے 27 رنز کی دوری پر تھے اور انہوں نے منگل کو کامیابی سے ہدف حاصل کرلیا۔ وہ کپتان اولی پوپ کے آؤٹ ہونے کے بعد دوسرے اوور میں بیٹنگ کرنے آئے اور دوسرے دن اسٹمپ پر 32 رنز بنائے۔

وہ ڈبلیو ٹی سی کے رن اسکورنگ چارٹ میں سب سے اوپر ہیں، اس کے بعد آسٹریلیائی جوڑی مارنس لبوشین اور اسٹیو سمتھ بالترتیب 3ہزار904 اور 3ہزار484 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp