بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشگردوں کا حملہ ناکام انتہائی مطلوب دہشتگرد سمیت 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا، 280 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج دہشتگردوں کے ایک گروپ نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، اور اس سے پہلے کہ وہ مطلوبہ نقصان پہنچا سکیں، ایک خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب دہشتگرد عمر عرف عمری سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد عمر عرف عمری سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، جس میں ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حالیہ حملہ بھی شامل ہے۔
’دہشتگردوں کے اس حملے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار جمشید خان (عمر 39 سال، رہائشی ضلع ڈیرہ بگٹی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا‘۔
یہ بھی پڑھیں:گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ: کیا نئی حکومت بلوچستان میں قیام امن کو ممکن بنا سکے گی؟
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشت گرد کو بے اثر کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔