قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کرتے ہوئے وفاقی حکومت، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ اسمبلی رولز کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے۔ عدالت کسی بھی غیر آٸینی کام پر حکم جاری کر سکتی ہے۔ راجہ ریاض کی قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر تقرری غیر آٸینی ہے۔
درخواست گزار منیر احمد کے مطابق راجہ ریاض کا تعلق پی ٹی آٸی سے ہے وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے۔ اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے مگر اسپیکر نے راجہ ریاض کو عہدے سے نہیں ہٹایا۔
درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ عدالت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے قبل راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے ان کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کالعدم قرار دے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی ارکان کی بحالی: اپوزیشن لیڈر کی کرسی پھر خطرے میں؟
گزشتہ دنوں تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔ تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف کا ہونا چاہیے۔ اس لیے قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف نے شاہ محمود کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا