کراچی میں انڈس اسپتال نے انڈس کے ستاروں میں اسناد تقسیم کیں۔ کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں کی ہمت بڑھانے کے لیے اسپتال انتظامیہ اور والدین نے مل کر ایک تقریب کے ذریعہ بچوں کو مزید ہمت دلانے کی کوشش کی۔
تندرست ہو کر ڈاکٹر بنوں گی تاکہ اپنے جیسے مریضوں کا علاج کر سکوں
انہیں بچوں میں ایک ماہم ارشاد ہیں جن کی عمر 14 برس ہے لیکن گزشتہ 2 برس سے وہ انڈس اسپتال میں کینسر کے مرض سے نبرد آزما ہیں کہتی ہیں کہ اب وہ بہت بہتر محسوس کرتی ہیں جبکہ آغاز میں انہیں مایوس ہونا پڑا تھا کہ جانے وہ کب تک زندگی کی بازی لڑ پائیں گی۔
ماہم کہتی ہیں کہ انہیں ڈاکٹر بننے کا شوق تھا اور اس شوق میں مزید شدت تب آئی جب میں خود مریض بن کر ان کے پاس آئی اور انہوں نے مجھے علاج کے ساتھ ساتھ جینے کی امید دی جس کی وجہ سے میں چاہوں گی کہ ڈاکٹر بن کر مستقبل میں یہی جزبہ لیکر انسانیت کی خدمت کرسکوں۔
محمد عیسیٰ خان ننھا کینسر کا مریض
ننھا محمد عیسیٰ خان جو گزشتہ 2 برس سے کینسر کی جنگ لڑ رہا ہے اور اب اس کی رگوں میں زندگی دوڑتی دکھائی دے رہی ہے، عیسیٰ کی والدہ سدرہ کا کہنا ہے کہ اس عمر میں بچے میں کینسر کے مرض کا پتا چلنا ایک ایسا خوف تھا جس کا سامنا کرنا بہت ہمت طلب کر رہا تھا، لیکن مرض کا پتا چلتے ہی ہم انڈس آئے اور یہاں نا صرف مفت علاج ہوا بلکہ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مزید پڑھیں:شہزادی کیتھرین مڈلٹن کے کینسر کا علاج کیسا چل رہا ہے؟
انکا کہنا تھا کہ اللہ کی طرف سے ایک مرض آیا اور اس کا سامنا کرنے کی ہمت بھی اللہ نے دی ساتھ ہی انتظام بھی اللہ نے کیا اور وسیلہ انڈس اسپتال کو بنایا، ان کے مطابق بچہ اب بہت بہتر ہے اور جلد صحت یاب ہو کر نارم انسانوں کی طرح زندگی گزارے گا اور یہیں سے تعلیم کا سلسلہ بھی آگے جاری رکھے گا۔
انڈس کے ستارے (IKS)جو انڈس اسپتال اور ہیلتھ نیٹ ورک (IHHN) کا اسپتال پر مبنی اسکول ہے، جہاں طویل المعیاد بچوں کے مریضوں کی گیارہویں گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مریضوں، ان کے اہل خانہ اور IHHN کے عملے نے شرکت کی تاکہ ان ننھے ہیروز کی شاندار کامیابیوں کا جشن منایا جا سکے۔
امسال پاس ہونے والوں میں 50 بہادر بچے شامل تھے جو پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، نیلے اور سنہری رنگ کے گریجویشن گاؤنز میں ملبوس بچوں نے اسٹیج پر آ کر اپنی محنت سے حاصل کی ہوئی اسناد، رپورٹ کارڈز اور میڈلز وصول کیے۔ جیسے ہی ہر بچہ اسٹیج پر آیا، ان کے اہلخانہ، طبی عملے اور اساتذہ نے انہیں خوب داد دی جو ان کی تعلیم اور علاج دونوں میں ان کے ساتھ تھے۔
پچھلے 6 برس سے، شاہ ولایت پبلک اسکول، انڈس کے ستارے کے ساتھ شراکت میں ہے، جو IHHN کے کینسر میں مبتلا مریض بچوں کو بلا معاوضہ معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے۔ IHHN کے ڈاکٹرز، نرسز اور سائیکو سوشل ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے، انڈس کے ستارے کے طلبہ اپنی تعلیم کو علاج کے ساتھ جاری رکھ سکتے ہیں تاکہ ان کی نشوونما متاثر نہ ہو۔