وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ کراچی میں ہونے والا حملہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کی کال کا ایک ہی رائٹرہے، دشمن پی ٹی آئی کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنما ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، ایس سی او کانفرنس کا یہاں ہونا پاکستان کے لیے بڑا موقع ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دے دی
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی تجارت سے متعلق اچھی پیشرفت ہوسکتی ہے، چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان اہم ہے، چینی وزیراعظم 11سال بعد پاکستان آرہے ہیں، بہترین مہمان نوازی کرکے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، پی ٹی آئی نے سی پیک سے متعلق جھوٹے الزامات لگائے تھے، پی ٹی آئی ملکی ترقی کا سفر سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
’پی ٹی آئی سی پیک فیز2 کے عمل کو بھی روکنا چاہتی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سی پیک کے حوالے سے جھوٹے الزامات لگائے، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ملکی ترقی کا سفر سبوتاژ ہو، ماضی میں بھی دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 15اکتوبر کی یلغار روکنے کے لیے ریاست پوری طاقت کا استعمال کرے گی، خواجہ آصف
’پی ٹی آئی کو شکایت ہے کہ ان کے لیڈر کو جیل میں رکھا ہوا ہے‘۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمے کی وجہ سے ہم بھی جیلوں میں رہے، اگر یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان باہر آئیں تو مقدمے لڑیں، دوسروں سے رسیدیں مانگنے والے اپنی تلاشی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔