15 اکتوبر کے احتجاج کے حق میں نہیں، حامد خان

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر احتجاج کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ وہ 15 اکتوبر کے احتجاج کے حق میں نہیں ہیں، اس فیصلے پر نظرثانی ہونی چاہیے۔

نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے کہا کہ احتجاج سے متعلق فیصلہ جلدی میں کیا گیا ہے جس پر نظرثانی کی جانی چاہیے کیونکہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے غیرملکی وفود آئے ہیں اس لیے 15 اکتوبر کو احتجاج کرنا مناسب نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنے سے مشروط

خیال رہے کہ اسلام آباد میں 15 سے 16 اکتوبر ایس سی او کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کی کال دی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا، ’پاکستان تحریک انصاف 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کرے گی، یہ احتجاج اس لیے کیا جا رہا ہے کیوں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل  میں ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال عدم استحکام کی کوشش، ملک کو یرغمال نہیں بننے دیں گے، خواجہ آصف

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بھی کہا ہے کہ جیل سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے متعلق عجیب و غریب خبریں آ رہی ہیں، جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے تو 15 اکتوبر کا احتجاج نہیں ہو گا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اگر حکومت بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دیتی ہے، ان سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے تو 15 اکتوبر کا احتجاج نہیں ہو گا۔ حکومت کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم اہم ہے تو ہم کارکنوں کے لیے بانی پی ٹی آئی کی صحت بھی اہم ہے کیوں کہ عمران خان کے بغیر تحریک انصاف کچھ نہیں ہے، وہی ہمیں ایجنڈا دیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp