ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر پاکستان  پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا۔

چینی وزیراعظم لی کیانگ کا طیارہ کچھ دیر قبل نور خان ایئر بیس پہنچا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محسن نقوی احسن اقبال اور عطا تارڑ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ اس موقع پر ثقافتی لباس میں ملبوس بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کو گلدستے پیش کیے جبکہ چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

دونوں ممالک میں وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں، چینی وزیراعظم

وزیراعظم عوامی جمہوریہ چین لی کیانگ 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اسلام آباد آمد پر چینی وزیراعظم لی کیانگ نے کہا ہے کہ وہ اس دورے کے ذریعے دونوں ممالک میں وسیع اور گہرے تبادلوں کے منتظر ہیں۔

چینی وزیراعظم لی کیانگ کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان حکومت کے 23ویں اجلاس میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کے لیے پرعزم ہے۔

یہ دورہ ہماری دوستی کو مزید مستحکم کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی ہم منصب کو خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہوئی، میرے بھائی کا تاریخی اور نتیجہ خیز دورہ ہماری دوستی کو مزید استحکام اور وسعت دے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم موجودہ اقدامات بالخصوص سی پیک پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے، ہم باہمی فائدہ مند تعاون کی نئی راہیں بھی تلاش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایس سی او کانفرنس کے انعقاد پر کتنے کروڑ خرچ ہوئے؟

قبل ازیں، وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، چینی وزیراعظم کی کیانگ کا دورہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 برس بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ چینی وزیراعظم لی کیانگ ایئرپورٹ سے وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی وزیراعظم کی ملاقات اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی، دونوں وزرائے اعظم چین پاکستان تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، جس میں سی پیک 2 کے ساتھ ساتھ دیگر بڑے منصوبے بھی شامل ہیں، تقریب میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ورچوئل افتتاح بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایس سی او اجلاس، سفارتکاروں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں رہنے کی ہدایت

گزشتہ روز دفتر خارجہ نے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر آج (پیر کو) پاکستان پہنچیں گے۔ چینی وزیر اعظم کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ چین کے وزیراعظم لی کیانگ وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے، چینی وزیر اعظم کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ایس سی او اجلاس: میٹرو بس سروسز کب سے اور کتنے روز کے لیے بند رہیں گی؟

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وفد میں چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔ لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہوگی، ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کے وزیر اعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شریف، پارلیمانی لیڈروں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اب تک کن ممالک کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں؟

 اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 23 ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ جب 15 تا 16 اکتوبر جاری رہنے والے اس غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے بیرونی وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت تک انڈیا سمیت چین، روس اور چین سمیت دیگر رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایس سی او سمٹ: اسلام آباد پولیس نے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا

بھارتی وفد

پاکستان پہنچنے والا بھارتی وفد 4 ارکین پر مشتمل ہے، بھارتی وفد میں ایم آنند پرکاش، پرویر سنگھ، رشبھ دیو اور دیبراتا شامل ہیں۔

روسی وفد

اس غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والا وفد 76 اراکین پر مشتمل ہے۔جب کہ روسی فیڈریشن کے وزیراعظم میخائل مشسٹن کی 14 اکتوبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔

چینی وفد

چین کا 15 رکنی وفد بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کونسل آف ہیڈز کے چیئرمین کی حیثیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp