مجوزہ آئینی ترمیم: خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی ارکان میں تلخ کلامی

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئینی ترامیم کے حوالے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سیّد خورشید شاہ نے اجلاس میں کہاکہ ذیلی کمیٹی 17 اکتوبر تک حتمی تجاویز تیار کرے۔

یہ بھی پڑھیں میاں نواز شریف اور بلاول بھٹوزرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران پی ٹی آئی نے مزید مشاورت کی تجویز پیش کی جو پاکستان پیپلزپارٹی نے مسترد کردی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران جب بعض معاملات پر اختلاف رائے سامنے آیا تو پی ٹی آئی اور پی پی پی کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہاکہ اب ہمیں سنجیدگی دکھانا ہوگی کیونکہ پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے درمیان تلخ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی سیاسی جماعتوں کی طرف سے پیش کیے گئے مسودوں کا جائزہ لے رہی ہے، جس کی بنیاد پر حتمی ڈرافٹ تیار کیا جائےگا، اور 25 اکتوبر سے قبل آئینی ترمیم پاس ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے آئندہ اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے آئینی ترمیم کے لیے ہماری تجاویز قبول کیں تو مناسب مسودے پر اتفاق ہوجائے گا، مولانا فضل الرحمان

واضح رہے کہ آج سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ اور حکومت آئینی ترمیم کے معاملے پر اتفاق کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp