آلو، پھول گوبھی، مٹر اور کشمیری مرچ کے مزیدار پکوڑے

ہفتہ 8 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماہ رمضان میں افطار کے لیے دستر خوان کو طرح طرح کے پکوانوں سے سجایا جاتا ہے، تاہم دستر خوان پر پکوڑے نہ ہوں تو اسے مکمل نہیں سمجھا جاتا۔ اسی لیے قارئین کی خدمت میں دو دلچسپ تراکیب پیش کی جا رہی ہیں ۔ ان تراکیب سے خود بھی لطف اندوز ہوں اور احباب کو بھی شامل کریں:

سبزی پکوڑا:

اجزاء:

ایک عدد آلو (ابال کر میش کرلیں)
چوتھائی پیالی مٹر (ابال کر میش کرلیں)
چار عدد کشمیری مرچ (بیج نکال کر آدھا آدھا کرلیں)
مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
بیسن ایک پیالی
سوڈا چٹکی بھر
نمک اور تیل حسب ضرورت۔

ترکیب:

بیسن، نمک، سوڈا، مرچ اور پانی ڈال کر پیسٹ بنالیں۔ آلو ، مٹر، نمک اور مرچ ملائیں۔ تھوڑا سا آمیزہ ہر کشمیری مرچ میں بھر دیں۔ پھر ان کو بیسن کے آمیزہ میں ڈبو کر گرم تیل میں سنہرا ہونے تک تل لیں۔ پودینے کی چٹنی کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

پھول گوبھی کے پکوڑے


اجزاء:

پھول گوبھی آدھا کلو
میدہ ایک پیالی
کارن فلور آدھی پیالی
انڈے کی سفیدی ایک عدد
نمک حسب ذائقہ
کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ
تیل حسب ضرورت۔

ترکیب:

میدہ اور کارن فلور کو مل کر اس میں نمک، سفید مرچ، کالی مرچ اور اجوائن ڈال کر مکس کرلیں۔ انڈے کی سفیدی کو اتنا پھینٹیں کہ سخت ہو جائے۔ اس میں یہ تمام خشک چیزیں ملا کر تھوڑا تھوڑا کرکے ٹھنڈا پانی ڈالیں اور گاڑھا سا آمیزہ بنا لیں۔

کڑاہی میں کوکنگ آئل ڈال کر درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کریں۔ پھول گوبھی کے پھول علیحدہ کرکے صاف پانی سے دھولیں اور تھوڑی دیر خشک ہونے کے لیے رکھ دیں۔ آمیزے میں ڈبو کر سنہرا ہونے تک تل لیں۔ پھر من پسند چٹنی کے ساتھ احباب کو پیش کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp