وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بلیک میلنگ کے ذریعے اپنی بات منوانا چاہتی ہے، لیکن اگر کل کسی نے تخریب کاری کی کوشش کی تو ریاست وہی سلوک کرے گی جو فتنہ کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کی اپنی ایک رٹ ہوتی ہے جس سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں ڈی چوک احتجاج ہوگا یا نہیں؟ پی ٹی آئی میں مختلف آرا کے باعث حتمی فیصلہ نہ ہوسکا
احسن اقبال نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں ایس سی او کانفرنس ہورہی ہے جو ملک لیے انتہائی اہم ہے، لیکن اس موقع پر ایک جماعت کا طرز عمل نامناسب ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ آج اگر ہم بلیک میلنگ میں آگئے تو کل کوئی بھی جتھہ اٹھ کھڑا ہوگا اور کہے گا کہ میں فلاں ایونٹ نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے کوئی تشویشناک بات نہیں، میں خود جیل میں رہا ہوں جہاں روزانہ جیل کے ڈاکٹرز آتے ہیں اور معائنہ کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ جب 2014 میں چین کے صدر پاکستان آرہے تھے تو تب بھی اس پارٹی نے ایسا ہی کیا تھا، اور اب ایک بار پھر جب عالمی کانفرنس ہونے جارہی ہے تو احتجاج کی کال دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کی اجازت دیدی
احسن اقبال نے کہاکہ آئینی ترمیم کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا، ہمارے پاس پہلے بھی نمبر پورے تھے اور اب بھی پورے ہیں۔