شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیراعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور

منگل 15 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف سے بیلاروس کے وزیراعظم کی ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور ’شنگھائی اسپرٹ‘ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

رواں برس جولائی کے اوائل میں آستانہ میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اعلیٰ سطح کی باقاعدہ ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ایک مثبت رفتار فراہم کی ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری، مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

گولوف چینکو نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد، اصولوں اور ترجیحات کو فروغ دینے کے لیے اور پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں ’شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس پاکستان کے لیے ایک اہم موقع‘

گولوف چینکو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp