پاکستان نے بہترین انتظامات کیے، یہاں کے لوگ اور کھانے اچھے لگے، روسی صحافی کی وی نیوز سے گفتگو

بدھ 16 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں موجود روسی صحافی ایگور پسکولوف کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے انتظامات بہترین ہیں اور انہیں پاکستان آکر بہت اچھا لگا، یہاں لوگ مہمان نواز ہیں اور کھانا بھی بہت اچھا ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صحافی کا کہنا تھا کہ اجلاس کے انتظامات بہترین ہیں، زیادہ رش نہ ہونے کے باعث بہت سی جگہوں پر بیٹھ کر ترجمے کے ساتھ نشریات دیکھنا ممکن ہے۔

’بہت زیادہ گرمی نہیں ہے، ہال کے اندر درجہ حرارت کافی بہتر ہے حالانکہ باہر گرمی ہے، ہمیں اس طرح کے ایونٹس کے لیے سوٹ پہننا پڑتا ہے، تو بہترین انتظامات ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: جے شنکر کی پاکستان آمد: شاید اب پاک بھارت تعلقات میں کچھ نرمی آجائے، بھارتی صحافی سہاسنی حیدر

ایگور پسکولوف نے پاکستانی کھانوں کی بھی تعریف کی، ان کے مطابق کھانے میں شاشلک اور باربی کیو بہت اچھا ہے۔ ’ہمارا یہ ایک مختصر دورہ ہے کیونکہ ہم روسی وزیراعظم کے ہمراہ آئے ہیں، لیکن انتظامات بہترین ہیں جس کی وجہ سے ہمارا یہ دورہ کافی آرام دہ ہوگا۔‘

گزشتہ رات روسی وزیر اعظم کے ہمراہ اسلام آباد پہنچنے والے ایگور پسکولوف کو اسلام آباد دیکھنے کا موقع نہیں مل سکا، جس کا انہیں تھوڑا قلق بھی تھا تاہم وہ دارالحکومت کے موسم کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

مزید پڑھیں: بھارتی صحافی نیانیما باسو، مودی اور بریانی

’مجھے ابھی اسلام آباد دیکھنے کا موقع نہیں ملا، کیونکہ ہم کل رات ہی پہنچے اور صبح سویرے یہاں آگئے، اس کے علاوہ علاقے کو بلاک کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بھی کچھ دیکھ تو نہیں پائے لیکن یہاں کا موسم بہت اچھا ہے۔‘

روسی صحافی کے مطابق وہ پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں اور انہوں نے یہاں کے لوگوں کو کافی مہمان نواز پایا جو روس میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ’اب تک بہت لوگ نہ صرف بہت اچھے سے ملے بلکہ پوچھا آپ روس سے ہیں، جس سے مجھے ان کی روس میں دلچسپی کا اندازہ ہوا۔‘

مزید پڑھیں: پاکستان نے ایس سی او اجلاس کے لیے بہترین انتظامات کیے، بھارتی صحافی کی وی نیوز سے خصوصی گفتگو

ایگور پسکولوف کا کہنا تھا پاکستانیوں کی روس میں دلچسپی دونوں ممالک کے لیے ایک اچھی بات ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ’ایس سی او کانفرنس کی وجہ سے سیکیورٹی 10 گنا زیادہ ہے جو کہ ایک قابل فہم بات ہے مگر یہ میرا ایک مثبت دورہ ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp