3 سال بعد گھر میں پہلی ٹیسٹ فتح، پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 152 رنز سے ہرا دیا

جمعہ 18 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں 152 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ پاکستان کے 297 رنز کے ہدف کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز اور میچ کے چوتھے روز 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے ساجد خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کی 3 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر اور مسلسل 6 میچوں کے بعد کسی ٹیسٹ میچ میں یہ پہلی فتح ہے۔

2 پاکستانی بولرز نے 20 وکٹیں حاصل کیں

ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے مجموعی طور پر 11 جبکہ ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چھٹا موقع ہے جب 2 بولرز نے 20 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں 2 سینچریاں اور 2 نصف سینچریاں بنیں۔ سینچریاں بنانے والوں میں پاکستان کے کامران غلام اور انگلینڈ کے بین ڈکٹ شامل ہیں جبکہ نصف سینچریاں پاکستانی کھلاڑیوں صائم ایوب اور سلمان آغا نے اسکور کیں۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے مجموعی طور پر 7، شعیب بشیر اور برائیڈن کارس نے 5، 5 جبکہ میتھیو پوٹس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستانی ٹیم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی پر قومی ٹیسٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصہ بعد اور انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے پر پاکستانی ٹیم کی تعریف کی اور اس فتح کو شاندار ٹیم  ورک قرار دیا۔

انہوں نے پاکستانی اسپنرزز ساجد خان اور نعمان علی کی کارکردگی کا سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ: جیت کا تعاقب، پاکستان کو 8 وکٹوں، انگلینڈ کو مزید 261 رنز کی ضرورت

میچ کے چوتھے دن کیا ہوا؟

اولی پوپ اور جوئے روٹ نے انگلینڈ کے 36 رنز اور 2 کھلاڑی آؤٹ سے آج  دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا لیکن انگلینڈ نے جلد ہی 2 مزید وکٹیں گنوا دیں۔ 37 کے مجموعی اسکور پر اولی پوپ 38 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کچھ ہی دیر بعد 55 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 34 گیندوں پر 18 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کے پانچویں وکٹ 78 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جبہیری بروک 21 گیندوں پر 16 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے. 88 کے مجموعی اسکور پر جیمی اسمتھ بھی چلتے بنے، وہ 10 گیندوں پر 6 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان بین اسٹوکس نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا مگر وہ زیادہ دیر تک نعمان علی کا سامنا نہ کرسکے اور 125 کے مجموعی اسکور پر 36 گیندوں پر 37 رنز بنا کر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

برائیڈن کارس بھی نعمان علی کا شکار بنے، وہ 138 کے مجموعی اسکور پر 32 گیندوں پر 27 رنز بناکر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 144 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کے آخری 2 کھلاڑی جیک لیچ اور شعیب بشیر بھی آؤٹ ہوگئے، ان دونوں کھلاڑیوں کی وکٹیں بھی نعمان علی نے حاصل کیں اور ان دونوں کے کیچ عبداللہ شفیق نے پکڑے۔

تیسرا دن

گزشتہ روز پاکستان کے دوسری اننگز کے اختتام پر 297 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ کا 2 وکٹوں کے نقصان پر مجموعی اسکور 36 رنز تھا۔

ملتان میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد  پاکستان کی  پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 297 رنز درکار ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 27 اور نعمان علی نے 9 رنز دے کر ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ہے۔

میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اختتام کے بعد پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے دوسری اننگز کا آغاز کیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد اور 9 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 19 گیندوں پر 4 رنز بناکر شعیب بشیر کی گیند پر جیمی اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد کپتان شان مسعود وکٹ پر آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور 25 کے مجموعی اسکور پر شعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 گیندوں پر 11 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان کی پہلی اننگز کا 366 رنز پر اختتام، انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 239 رنز بنالیے

صائم ایوب 43 کے مجموعی اسکور پر 39 گیندوں پر 22 رنز بنا کر شعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 77 کے مجموعی اسکور پر کامران غلام جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوکر چلتے بنے، انہوں نے 39 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جنہوں نے 43 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور برائیڈن کارس کی گیند پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے.

پاکستان کے 145 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل بھی پویلین لوٹ گئے، وہ 51 بالوں پر 31 رنز بنا کرجیک لیچ کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے مجموعی اسکور ابھی 5 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ عامر جمال بھی جیک لیچ کا شکار بنے اور بولڈ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 11 گیندوں پر صرف ایک رن بنایا. 156 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ بھی گرگئی، نعمان علی 3 گیندوں پر ایک رن بناکر شعیب بشیر کی گیند پر کپتان بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر نے 4، جیک لیچ نے 3 جبکہ برائیڈن کارس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے 239 رنز 6 وکٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو انگلش بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک پائے اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 291 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کو میچ میں 75 رنز کی برتری حاصل ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےجارہے میچ میں تیسرے روز انگلینڈ کے باقی تمام کھلاڑیوں کو اسپنر ساجد خان نے شکار کیا۔ انگلینڈ کے اسکور میں ابھی 9 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ برائیڈن کارس ساجد خان کی  بال پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، وہ 31 گیندوں پر صرف 4 رنز بناسکے۔  انگلینڈ کے نویں نمبر کے کھلاڑی میتھیو پوٹس 10 گیندوں پر 6 رنز بناکر ساجد خان کی بال پر بولڈ  ہوگئے۔ شعیب بشیر نے 19 گیندوں پر 9 رنز بنائے اور ساجد خان کی بال پر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جیک لیچ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 25 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بینیڈکٹ نے 114 رنز بنائے، باقی کوئی بھی انگلش کھلاڑی نمایاں اسکور نہ بنا سکا۔ زیک کرولی 27، اولی پوپ 29، جوئے روٹ 34، جیمی اسمتھ 21 اور جیک لیچ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے 7 اور نعمان علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا روز

گزشتہ روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 366 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔ قبل ازیں، پاکستان کی اننگز 366 رنز پر اختتام پذیر ہوئی تو انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔

Sajid Khan shared the new ball for Pakistan, Pakistan vs England, 2nd Test, Multan, 2nd day, October 16, 2024

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 114، جوروٹ 34 اور اولی پوپ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نعمان علی نے 2 وکٹیں لیں۔

قبل ازیں، پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 366رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 118رنز کامران غلام نے بنائے، اس کے بعد صائم ایوب نے 77رنز اسکور کیے۔ تاہم، انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے4 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 5 کھلاڑی آؤٹ اور 259 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا، شروعات میں ہی پاکستان کے محمد رضوان نے 41رنز پر اپنی وکٹ گنوا دی، دوسری وکٹ سلمان علی آغا کی 31رنز پر گری اور اس کے بعد ساجد خان بھی 2رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ عامر جمال اور نعمان علی نے ٹیم کو سہارا دیا اور نویں وکٹ پر 49رنز کی شراکت داری قائم کی۔ عامر جمال 37رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور نعمان علی 32رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے 2 اور شعیب بشیر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Matthew Potts had an early LBW shout turned down, Pakistan vs England, 2nd Test, Multan, 2nd day, October 16, 2024

خالد عباداللہ پہلے پاکستانی بلے باز تھے، جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سینچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے اکتوبر 1964 میں یہ اعزاز کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا تھا۔

خالد عباد کے بعد کامران غلام نے بھی ڈیبیو ٹیسٹ سینچری بنا کر منفرد اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے 191 گیندیں کھیل کر اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پہلی سینچری مکمل کی۔ کامران غلام 13ویں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر ہیں، جنہوں ٹیسٹ ڈیبیو میں سینچری اسکور کی۔

پہلا روز

دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 5 وکٹ کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کا آغاز ہوا تو عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر محض 7 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کپتان شان مسعود 3 اور سعود شکیل 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ گرین شرٹس نے ابتدائی 2 وکٹیں محض 19 رنز پر گنوادیں۔

مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز، ملتان ٹیسٹ میں پہلے روز کا کھیل ختم، قومی ٹیم نے 259 رنز بنالیے

بعدازاں صائم اور کامران نے 149 رنز کی پارنٹرشپ قائم کرکے پاکستان کا اسکور مستحکم کیا۔ تاہم، صائم 77 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ڈیبیو پر سینچری بنانے والے کامران غلام 118 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز سے کل اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 2 جبکہ شعیب بشیر، میتھیو پوٹس اور برائیڈن کارس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کیخلاف جلد بڑا اسکور کھڑا کرکے انہیں انڈر پریشر لائیں۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دوسرا ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کا اپنی جگہ ٹیم میں شامل کامران غلام کے لیے خصوصی پیغام

15 سے 19 اکتوبر کے دوران کھیلے جانے والے میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے پلئینگ الیون کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کو شامل کیا ہے جبکہ عامر جمال بطور آل راؤنڈر 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔ شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان، زاہد محمود۔

مزید پڑھیں:دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، بابر، شاہین اور نسیم آؤٹ

انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پلئینگ الیون کا اعلان کردیا ہے، کپتان بین اسٹوکس اور میٹ پوٹس کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ باولرز گس ایٹکنسن اور کرس ووکس کو دوسرے ٹیسٹ سے آرام دیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جوئے روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ، برائیڈن کرس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر پر مشتمل ہے۔

کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ مل گئی

پاکستانی بلے باز کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ مل گئی ہے۔ وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے والے 257ویں کھلاڑی ہیں۔ ٹیم میں موجود سینئر کھلاڑی وکٹ کیپر محمد رضوان نے کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ اس موقع پر بابراعظم کی جگہ لینے والے بلے باز بہت خوش دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47رنز سے شکست دی تھی۔ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان وہ واحد ٹیم بن گئی جس نے پہلی اننگز میں 500رنز بھی بنائے اور ایک اننگز سے شکست بھی ہوئی۔ کپتان شان مسعود نے بھی تاریخی شکست کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کیا، وہ واحد کپتان ہیں جنہوں نے کپتانی سنبھالنے کے ساتھ ہی اوپر تلے 6میچ ہارے ہیں۔ پے در پے شکستوں کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے بعد سب سے آخری نمبر پر براجمان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp