دلیپ کمار نے سائرہ بانو کے ساتھ 16 سالہ ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد خفیہ طور پر عاصمہ رحمان سے دوسری شادی کرلی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس سنگین غلطی پر ملال ہے اور وہ اپنی پہلی اہلیہ سائرہ بانو کو تکلیف پہنچانے پر خود کو کبھی معاف نہیں کر سکتے۔
لیجنڈری دلیپ کمار ایک زمانے میں بالی ووڈ کے سب سے چہیتے کنوارے کے طور پر جانے جاتے تھے، اور وہ کافی عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔ آخر کار جب انہوں نے 44 سال کی عمر میں شادی کی، تو ان کی شادی سائرہ بانو کے ساتھ ہوئی، جو اس وقت صرف 22 سال کی تھیں۔
مزید پڑھیں:دلیپ کمار کے ہالی وڈ کے لیے انکار پر سائرہ بانو کو کیوں خوشی ہوئی؟
16 سال ایک ساتھ رہنے کے بعد، دونوں کو اس وقت بحران کا سامنا کرنا پڑا جب دلیپ نے خفیہ طور پر عاصمہ رحمان نامی خاتون سے شادی کرلی۔ سائرہ کو اپنے شوہر کی دوسری شادی کے بارے میں اخبارات کے ذریعے پتا چلا، اور اگرچہ انہیں پہلے اس بات پر یقین نہیں آیا، لیکن آخر کار سچائی سامنے آئی اور انہیں مکمل طور پر مایوس کردیا۔
دلیپ کمار نے اپنی سوانح حیات میں اپنی زندگی کے اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی عاصمہ سے پہلی ملاقات حیدرآباد میں ایک کرکٹ میچ کے دوران ہوئی تھی۔ ایک ستارے اور اس کے مداح کے درمیان ایک معصومانہ بات چیت کے طور پر شروع ہونے والی گفتگو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی۔
مزید پڑھیں:دلیپ کمار کے آبائی گھر کی بحالی میں فنڈز کی کمی بڑی رکاوٹ
انہوں نے 1982 میں عاصمہ سے شادی کی اور یہ خبر سائرہ کے لیے ایک بہت بڑا صدمہ تھا، کیونکہ انہوں نے ان پر مکمل اعتماد کیا تھا۔ یہ ان کے تعلقات کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ تھا، دلیپ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے سائرہ کو بہت تکلیف دی تھی۔ انہوں نے لکھا کہ میں نے سائرہ کو جو تکلیف پہنچائی اور اس کے مجھ پر قائم غیر متزلزل اعتماد کو توڑنے کے لیے خود کو کبھی معاف نہیں کرسکتا۔
دلیپ نے آخر کار سائرہ کے سامنے اپنی سنگین غلطی کا اعتراف کیا اور کچھ وقت مانگا تاکہ وہ عاصمہ کو باضابطہ طور پر طلاق دے سکیں۔ انہوں نے سائرہ سے درخواست کی کہ وہ مجھے یہ سب حل کرنے کے لیے کچھ وقت دیں۔ طلاق کی کارروائی مکمل ہونے سے پہلے ہی دلیپ نے سائرہ کے لیے ایک عہد نامے پر دستخط کیے تاکہ وہ اس وعدے کو بحال کرنے کی کوشش کریں جو انہوں نے کبھی سائرہ کے والدین سے کیا تھا، کہ دوسری شادی کے بارے میں کبھی کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
اس باب کے ختم ہونے کے بعد دلیپ کا ماننا تھا کہ اس واقعہ نے ہماری قربت اور ایک دوسرے پر ہمارے جذباتی انحصار کو مضبوط کیا، دلیپ اور سائرہ 2021 میں ان کی موت تک شادی کے بندھن میں بندھے رہے۔