مولانا کے مسودے کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ ہی آئندہ چیف جسٹس ہوں گے، فواد چوہدری

اتوار 20 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے تجویز کردہ آئینی مسودے کی حمایت کردی، اور کہا کہ اگر چیف جسٹس کی تقرری کے لیے 12رکنی کمیٹی میں دوتہائی اکثریت چاہیے جو اپوزیشن کے بغیر ممکن نہیں، تو اس طرح اگلے چیف جسٹس، جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مسودے میں ہائیکورٹ ججز کی تقرری اور کارکردگی کا نظام وضع ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے تجویز کردہ مسودے میں جو آئینی بینچ کا تصور ہے برا نہیں ہے۔

’آئینی بینچ کا تصور برا نہیں ہے اگر رولز بناکر بینچز میں تقرری کے اصول طے ہوجائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج منظور کرے گی، سینیٹ اجلاس 3 بجے اور قومی اسمبلی اجلاس شام 6 بجے ہوگا

انہوں نے لکھا کہ چیف جسٹس کا تقررگو اب سنیارٹی کے اصول پر نہیں ہوگا لیکن 12 رکنی کمیٹی میں دو تہائی اکثریت چاہیے جو اپوزیشن کے بغیر نہیں مل سکتی لہذا چیف جسٹس منصور علی شاہ ہی ہوں گے، اس لیے اس معاملے کو اتنی طول دینے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے یہ ترمیم نامناسب ہے کہ اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں وہ عہدے پر کام جاری رکھ سکیں گے، اس میں 90دن کی مدت ڈال دیں تا کہ نئے چیف اور کمیشن کی تقرری ہوسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک اس ترمیم کے لیے جو مار دھاڑ، خوف پیدا کیا وہ سمجھ سے باہر ہے، یہ ترمیم تو ویسے ہی بات چیت سے ہوسکتی تھی، پاکستان کو پوری دنیا میں ایسے بدنام کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ 26ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج منظور کرے گی، سینیٹ اجلاس 3 بجے اور قومی اسمبلی اجلاس شام 6 بجے ہوگا

واضح رہے تمام حکومتی پارٹیوں کی جانب سے اس وقت نئی آئینی ترمیم پاس کرنے کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں اپوزیشن سمیت تمام جماعتیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور آئینی ترمیم پاس کرنے کے لیے اتفاق رائے کی کوشش کررہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp