بلوچستان کابینہ کا اجلاس، صوبے کی پہلی سوشل میڈیا پالیسی سمیت کونسے اہم فیصلے کیے گئے؟

منگل 22 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی کابینہ نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سوشل میڈیا پالیسی بنانے اور رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو فعال کرنے سمیت کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم افیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مفاد عامہ سے متعلق روز اول اپنی جن ترجیحات کا تعین کیا تھا اس پر گامزن ہیں، دہائیوں کے مسائل مہینوں میں حل کرنا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کابینہ نے پراسیکیوشن ایکٹ 2024 کی منظوری دے دی

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سمت درست ہونی چاہئے، راستہ طویل ضرور ہوسکتا ہے، تمام کابینہ اراکین اپنے اپنے حلقوں اور اندرون بلوچستان کا دورہ کرکے عوامی مسائل حل کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کریں ۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات مرحوم سردار سرفراز چاکر ڈومکی کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا، کابینہ نے اقلیتی رکن پیٹرک سینٹ مسیح کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اجلاس میں فارسٹ سے متعلق اہم قوانین کی تشکیل اور ضروری ضابطہ کار کی منظوری دی گئی، پانی کے دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے لیے کابینہ نے بلوچستان اینٹی گریٹڈ واٹر ریسورسز پالیسی کی منظوری دی، بلوچستان میں دستیاب آبی وسائل کے منظم اور کارگر استعمال کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان، کیا وزیراعلیٰ وزرا کی کارکردگی سے خوش نہیں؟

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق کابینہ نے بلوچستان آرگینک ایگریکلچر پالیسی 2024 کی بھی منظوری دی ہے، بلوچستان کابینہ نے پروانشنل موٹر وھیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم اور صوبے میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم پروگرام کو جاری رکھنے کے لیے صوبائی شراکت داری کے لیے مطلوب فنڈز کے اجرا کی بھی منظوری دی۔

شاہد رند کے مطابق صحت عامہ کے اس اشتراکی پروگرام سے بلوچستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کو منظم اور موثر بنایا جاسکے گا، اجلاس میں کوئٹہ میں امراض اطفال اور امراض قلب کے جدید ترین اداروں کے قیام کی تجویز دی گئی۔

اجلاس میں بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ اور شیخ خلیفہ بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو جامع سفارشات اور تجاویز مرتب کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کا اساتذہ اور طالبات کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

بلوچستان کابینہ نے بلوچستان الٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن ترمیمی بل 2024 اور صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سوشل میڈیا پالیسی کی منظوری بھی دی، پالیسی میں سوشل میڈیا سے متعلق جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا ، سوشل میڈیا کے مثبت پہلوؤں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی

صوبائی کابینہ نے رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن کو فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا، حکومت کمیشن میں ضروری تقرری اور ایکٹ میں ضروری و مناسب ترمیم کی منظوری دی گئی، کمیشن فعال ہونے سے شہریوں کو اطلاعات تک رسائی کی مجوزہ دستاویزات تک رسائی حاصل ہوگی۔

اجلاس میں کابینہ نے بلوچستان پروبی ایشن اینڈ پیرول سروس ڈرافٹ بل 2024 اور حب ماسٹر پلان کی بھی اصولی منظوری دے دی ہے، اجلاس میں صوبائی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر قیادت صوبے میں عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے نیک نیتی اور بھرپور محنت سے کام جاری رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp